امریکا کی کون کون سی ریاستیں آج سے بند

کورونا وائرس نے امریکا میں تباہی مچادی ، کاروبار کا بھٹہ بٹھا دیا، طاعون کی طرح پھیلتی وبا نے اہم امریکی ریاستوں کی انتظامیہ کو عوامی سرگرمیاں محدود کرنے اور مختلف مراکز کی بندش پر مجبور کردیا ہے۔

نیویارک ، نیوجرسی اور کنے ٹیکٹ میں آج سے بار اور ریسٹورنٹس سے ٹیک اوے کی اجازت ہوگی، کسینو ، مووی تھیٹر اور جم بند کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے، گورنر کومو نے اسے کورونا وائرس سے بچاو کیلئے اہم اقدام قرار دیا ہے۔

گورنر نے بتایا کہ نیویارک ، کنے ٹیکٹ اور نیوجرسی نے مشترکہ طور پر اقدام اٹھایا ہے، اب 50 سے زائد افراد کے اجتماع پر پابندی ہوگی۔ کھانے پینے کے سامان کے اسٹور کھلے رہیں گے اور یہ پابندیاں جب تک ضروری ہوئیں برقرار رکھی جائیں گی۔

گورنر کومو چاہتے ہیں کہ صدر ٹرمپ پورے ملک میں لاک ڈاون کریں لیکن انھیں اس بات پر مایوسی ہے کہ صدر ایسا کرنے پر تیار نہیں۔ شدید تنقید کے بعد اب واشنگٹن ڈی سی میں ریسٹورنٹس، بارز اور کلب بند کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے البتہ ٹیک اوے کی اجازت ہوگی، ہیلتھ کلب ، مساج پارلر اور تھیٹر بھی بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

کورونا کا پھیلاو روکنے کیلئے نیوجرسی میں تمام اسکول ، کالجز اور یونیورسٹیز بدھ سے بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو