امریکا :10 لاکھ کورونا کیسز، یورپ : زور ٹوٹنے لگا

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اموات 2 لاکھ 17 ہزار اور کیسز 31 لاکھ سے زائد ہوچکے ہیں ، امریکا میں مزید 1771 ، اسپین 201، اٹلی 282 ، فرانس 367 ، برطانیہ 586 ، جرمنی 89 ، ایران 71 ، کینیڈا 145 ، سعودی عرب 9 اور متحدہ عرب امارات میں 7 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

کورونا امریکا میں 58 ہزار 5 سو سے زائد افراد کی جان لے چکا ہے ، کیسز 10 لاکھ 30 ہزار ہوچکے ہیں، صرف نیویارک میں 22 ہزار 866 افراد زندگی سے محروم ہوئے ہیں اور نیوجرسی میں تعداد تقریبا ساڑھے 6 ہزار ہوگئی ہے۔

کینیڈا میں نہ صرف کیسز بلکہ اموات کی شرح بھی بڑھ رہی ہے، وبا ابتک 2 ہزار 852 افراد کی جان لے چکی ہے، مزید 13 سو افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور اب کیسز لگ بھگ 50 ہزار ہوچکے ہیں۔

برطانیہ میں 21 ہزار 678 اموات ہوچکی ہیں ، مزید 4 ہزار کیس رپورٹ ہوئے اور مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 61 ہزار سے زائد ہوگئی، اب حکومت نے تصدیق کی ہے کہ ایسٹر کے بعد سے کیئر ہومز میں 4 ہزار 343 اموات ہوئی ہیں، وزیرصحت نے کیئر ہومز اور اسپتالوں سے باہر اموات کی یومیہ تعداد بتانے کا وعدہ کیا ہے۔

وبا نے جرمنی میں 6 ہزار 215 ، اسپین میں 23 ہزار 822 اور اٹلی میں 27 ہزار 359 جانیں لی ہیں، فرانس میں 23 ہزار 660 افراد کا انتقال ہوچکا ہے، اب 11 مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے گی البتہ پبلک ٹرانپسورٹ اور سیکنڈری اسکولوں میں فیس ماسک لازمی قرار دیا جائے گا اور تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولے جائیں گے۔

سعودی عرب میں ابتک 152 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور 20 ہزار سے زائد افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، متحدہ عرب امارات میں 89 اموات ہوئی ہیں اور 11 ہزار 380 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں ، ایران میں وبا نے 5 ہزار 877 گھر اجاڑے ہیں اور کیسز کی تعداد 92 ہزار 584 ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو