امریکی نمائندوں نے طلبا کو داخلوں کے طریقے سے آگاہ کیا

محسن رضا

امریکا کی 13 جامعات کے نمائندوں نے ایجوکیشن یو ایس اے کے 16 ویں جنوبی ایشیا ٹوئر کے تحت اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں اسکولوں، کالجوں اور جامعات کے دورے کرکے طلبا و طالبات سے ملاقات کی ہے۔

امریکا میں بہترین تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے طلبا و طالبات سے ملاقاتوں میں انھیں اپنے اپنے تعلیمی اداروں میں موجود تدریسی پروگراموں ، کیمپس کی زندگی ، دستیاب وظائف اور داخلوں کے طریقے سے آگاہ کیا۔

انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن کی اوپن ڈورز رپورٹ کے مطابق پاکستان اعلى تعلیم کیلئے امریکا جانے والے طلبا و طالبات کے حوالے سے دنیا کی سب تیزی سے بڑھتی ہوئی مارکیٹ ہے ، اس کی وجہ امریکا میں موجود ہزاروں جامعات کی طرف سے پیش کئے گئے بہترین تدریسی پروگرام ، آسانی کے ساتھ پروگراموں کی منتقلی اور تحقیق کے بہترین مواقع ہیں۔

پاکستان میں پبلک افیئرز کی چیف لیسا ہیلر نے اس موقع پر کہا کہ اس وقت تقريبا 8 ہزار پاکستانی طلبا و طالبات امریکی تعلیمی اداروں میں زیرتعلیم ہیں۔ یہ پچھلے سال کی نسبت 5.6 فی صد زائد ہے ، امریکا چاہتا ہے اس میں مزید اضافہ ہو۔ امریکی حکومت کو اس بات پر فخر ہے کہ اس نے جنوبی ایشیا ٹوئر منعقد کیا ، امید ہے اس کے نتیجے میں پاکستانی طلبا و طالبات کو اپنی پسند اور ضرورت کے مطابق امریکی یونیورسٹی کا انتخاب کرنے اور  داخلہ لینے میں مدد مل سکے گی۔

یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن پاکستان کی رہنما ریٹا اختر نے کہا کہ USEFP کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ ہر سال جنوبی ایشیا ٹوئر کی میزبانی کرکے پاکستانی طلبا و طالبات کو امریکی تعلیمی اداروں سے متعارف کراتی ہے۔

ریٹا اختر کا کہنا تھا کہ اس سال پہلی بار USEFP نے امریکا سے آئے ہوئے تعلیمی اداروں کے نمائندوں کو یہ موقع دیا کہ وہ اپنے اداروں کے پاکستانی المنائے اور موجودہ طلبا و طالبات کے ساتھ روبرو ملاقات کریں۔ ہم نے دیکھا ہے کہ پاکستانی طالب علموں کی امریکی تعلیمی اداروں کے نمائندگان سے ملاقات انہیں داخلہ لینے میں بہت مددگار ثابت ہوتی ہے۔

ایجوکیشن یو ایس اے پاکستان، امریکا میں اعلى تعلیم حاصل کرنے سے متعلق معلومات فراہم کرنے کیلئے قائم شدہ ایک باضابطہ ادارہ ہے ، یہ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے 175 ممالک میں طلبا کیلئے قائم 425 بین الاقوامی مفت تعلیمی مشاورتی مراکز کا حصہ ہے، ایجوکیشن یو ایس اے کی پوری ٹیم امریکی جامعات سے اپنی تعلیم مکمل کرنے والے المنائے پر مشتمل ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو