امید ہے صدر اشرف غنی کردار ادا کریں گے، وزیرخارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امید ظاہر کی ہے کہ افغان صدر اشرف غنی قیدیوں کی رہائی اور ماحول سازگار رکھنے میں کردار ادا کریں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ افغان قیادت کا امتحان ہے ، دیکھنا ہے کہ افغان حکومت مذاکرات کیلئے کتنی لچک دکھاتی ہے ، کیا طالبان القاعدہ سے تعلق ختم کرتے ہیں اور کیا دنیا مطمئن ہوجاتی ہے۔ اگر کہا گیا تو پاکستان مصالحتی عمل میں بھی کردار ادا کرے گا ، یہ فیصلہ افغان قیادت کو کرنا ہے کہ وہ کیسا ملک چاہتے ہیں۔

وزیرخارجہ نے امید ظاہر کی کہ افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ انٹرا افغان ڈائیلاگ میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے، پاکستان چاہتا ہے افغان پناہ گزین پرامن طریقے سے اپنے وطن واپس لوٹیں۔

وزیرخارجہ نے بتایا کہ امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے تسلیم کیا کہ افغانستان میں پرتشدد کارروائیاں کم ہوگئی ہیں ، معاہدے کے بعد امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو سے بھی بات ہوئی، ہم نے پومپیو کو بتایاکہ امن عمل خراب کرنے والے افغانستان اور افغانستان سے باہر بھی ہیں، ایسے عناصر پر نظر رکھنی ہوگی۔

ٹرینڈنگ

مینو