اٹلی میں 52 اور فرانس میں 3 اموات

امریکا میں کورونا وائرس سے مزید 5 مریضوں کی ہلاکت کے بعد اموات کی تعداد 6 ہوگئی۔ اٹلی میں مزید 11 اور فرانس میں ایک شخص ہلاک ہوا، چین میں 42 مریض دم توڑ گئے ہیں اور دنیا بھر میں تعداد 3 ہزار 87 ہوچکی ہے۔

محکمہ صحت کے حکام نے ریاست واشنگٹن میں مزید 5 ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔ ملک میں 24 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور مریضوں کی تعداد 99 ہوچکی ہے۔

حکام کے مطابق پیر کو کیسز کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ، وائرس بعض  کمیونٹیز میں پھیل رہا ہے، ریاست واشنگٹن ہی کے نرسنگ مرکز میں اسٹاف اور وہاں مقیم 50افراد کے کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آئے ہیں۔

ایورگرین ہیلتھ میڈیکل سینٹر کے چیف میڈیکل آفسر نے بتایا کہ کئی افراد کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں، کورونا سے چھٹی موت سنوہمش کاونٹی میں ہوئی ، اس سے پہلے ہلاکت کنگ کاونٹی میں ہوئی تھی۔ ہوسکتا ہے وائرس دیگر کاونٹیز میں بھی پھیل گیا ہو ۔

کینیڈا میں صورتحال نسبتا کنٹرول ہے جہاں 3 نئے مریضوں کے رپورٹ ہونے کے بعد تعداد 27 ہے۔

کورونا وائرس یورپ میں تیزی سے پھیل رہا ہے، اٹلی میں وائرس سے مزید 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد 52 ہوچکی ہے۔

اٹلی میں کورونا کے مزید 335 مریض بھی سامنے آئے ہیں اور ابتک 2 ہزار 36 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

فرانس میں ایک اور مریض دم توڑ گیا اور ہلاکتوں کی تعداد 3 ہوگئی، 61 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور ابتک 191 مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔

جرمنی میں خوف کا یہ عالم ہے کہ وزیر دفاع نے  چانسلر اینجلا مرکل کے ساتھ ہلاتھ ملانے سے ہی انکار کردیا۔

جرمنی میں کورونا کے 35 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور تعداد 165 ہوچکی ہے۔ انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ میں بھی نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور یہاں مریضوں کی تعداد 40 ہے۔

جنوبی کوریا میں 7 نئی اموات کے بعد اب تک 28 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ جاپان میں 6 اور بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز پر مزید 7 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو