کورونا:ایران، اٹلی اور امریکا میں صورتحال تشویشناک

کورونا وائرس سے چین میں 3013 ، جنوبی کوریا میں 35 ، ایران میں 92 ، اٹلی میں 107 اور امریکا میں 11 اموات کے بعد ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں ، برطانیہ میں مریض 87 اور جرمنی میں 262 ہوگئے ہیں۔

کورونا وائرس دنیا بھر میں تقریبا 3 ہزار 3 سو افراد کی زندگیاں ختم کرچکا ہے، چین کے صوبے ہوبئی میں سڑکیں سنسان ہیں، خوف کا یہ عالم ہے لوگوں نے گلیاں رکاوٹیں لگا کربند کردی ہیں۔

ایران میں جاں بحق شہریوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے اور کئی اعلی عہدیداروں سمیت 3 ہزار افراد بیمار ہیں ، ان میں اول نائب صدر اسحاق جہانگیری بھی شامل ہیں، اب وبا پھیلنے کے خدشے کی وجہ سے 54 ہزار قیدیوں کو رہا کردیا گیا ہے۔

حکومت نے میڈیکل اسٹورز پر فیس ماسک کی فروخت روکنے اور سرکاری سطح پر عوام میں مفت تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکا میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے ، 10 مریض ریاست واشنگٹن اور ایک کیلی فورنیا میں ہلاک ہوا ہے ، ریاست واشنگٹن کی سوا 2 کروڑ آبادی کو گھروں سے کام کرنے اور 60 برس سے زائد عمر کے افراد کو گھروں سے نہ نکلنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ نیویارک میں بیماروں کی تعداد 11 ہوچکی ہے، ان میں ایک وکیل کی اہلیہ ، 2 بچے ، پڑوسی اور دوست کے خاندان کے 5 افراد ایک ساتھ بیماری میں مبتلا ہوئے ہیں۔ کیلی فورنیا میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

اٹلی یورپ کا سب سے متاثرہ ملک ہے ، مسلسل ہلاکتوں کے بعد یہاں تعلیمی ادارے 15 مارچ تک بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

فرانس میں ابتک 4 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور 285 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اب حکومت نے سرجیکل ماسک کی پروڈکشن اپنے کنٹرول میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

کورونا کیسز میں اضافے کے بعد برطانوی حکومت نے ایمرجنسی پلان کا اعلان کیا ہے، یہاں مریضوں کی تعداد 87 ہے جن میں سے 5 برطانیہ ہی میں بیمار ہوئے ہیں، کیسز نہ صرف انگلینڈ بلکہ شمالی آئرلینڈ ، اسکاٹ لینڈ اور ویلز میں بھی رپورٹ ہوئے ہیں اور کئی عالمی کمپنیوں نے دفاتر بند کردیئے ہیں۔

جرمنی جہاں 15 دن پہلے کورونا کا کوئی کیس نہیں تھا اب مریضوں کی تعداد 250 سے زیادہ ہے ، برلن سمیت تقریبا تمام اہم علاقوں میں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پولیس اور محکمہ فائربریگیڈ کی دہشت گردی کے خلاف 11 مارچ کو برلن میں ہونے والی مشقیں منسوخ کردی گئی ہیں۔ اسپین میں 2 اموات ہوئی ہیں اور 2 سو سے زائد مریض زیرعلاج ہیں۔

جاپان کسی حد تک کورونا پر قابو پانے میں کامیاب ہوا ہے اور یہاں ہلاکتوں کا سلسلہ رک گیا ہے ، ملک میں تقریبا 3 سو مریض زیرعلاج ہیں۔ آسٹریلیا میں بھی کورونا وائرس نے 2 افراد کی جان لی ہے۔

سعودی عرب میں کورونا کا دوسرا کیس سامنے آیا ہے ، متحدہ عرب امارات میں مریضوں کی تعداد 27 ہوچکی ہے جبکہ دبئی میں بھارتی اسکول کے طالب علم کی بیماری کے بعد درس گاہ بند کردی گئی ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو