باکمال رشی کپور کا انتقال،ایک عہد تمام

بالی وڈ کے سپر اسٹار رشی کپور 67 برس کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ خون کے کینسر میں مبتلا تھے۔

عرفان خان کے بعد رشی کپور کی موت ، بالی وڈ نگری سوگ میں ڈوب گئی۔ رومانوی کرداروں کیلئے مشہور رشی کپور ممبئی کے اسپتال میں زندگی کی بازی ہار گئے۔

رشی کپور ایک سال تک امریکا سے علاج کرانے کے بعد 2019 میں بھارت آئے تھے لیکن ان کی طبیعت سنبھل نہ سکی۔

رشی کپور نے بچپن سے ہی اداکاری شروع کردی تھی ، انھوں نے شری 420 اور میرا نام جوکر میں بطور چائلڈ ایکٹر کام کیا جبکہ باقاعدہ کریئر کا آغاز 1973 میں فلم بوبی سے کیا تھا، یہ فلم سپرہٹ ہوئی تھی۔

رشی کپور کا کریئر تقریبا 40 سال پر محیط ہے ، ان کی مشہور فلموں میں کھیل کھیل میں، قرض ، چاندنی ، لو آج کل ، پریم روگ ، لیلی مجنوں ، قلی ، دامنی ، دیوانہ ، صاحبہ ، نگاہیں ، نگینہ ، زمانے کو دکھانا ہے اور نصیب شامل ہیں۔

حقیقت سے قریب اداکاری کے باعث ان پر فلمائے گئے کئی گانے بہت مشہور ہوئے۔

رشی کپور کی آخری فلم دی باڈی تھی جس میں عمران ہاشمی کا مرکزی کردار تھا۔

رشی کپور کی موت پر لتا جی کی آنکھیں بھیگ گئیں، انھوں نے اپنی اور رشی کپور کی پرانی تصویر ٹوئٹ کی اور بتایا کہ یہ دکھ سہنا ان کیلئے بہت مشکل ہے۔

پریانکا چوپڑا نے رشی کپور کی موت کو ایک عہد کا اختتام قرار دیا ، دپیکا پاڈیکون نے ورثا سے تعزیت کی ، امتیابھ بچن نے ٹوئٹ کیا کہ وہ چلا گیا، رشی کپور کا انتقال ہو گیا ، یہی نہیں دیگر بالی وڈ اسٹار بھی رشی کپور کی موت پر غم کا اظہار کر رہے ہیں۔

ممبئی میں اسپتال کے عملے کا کہنا ہے کہ زندہ دل رشی کپور  آخری دم تک ہنسی مذاق کرتے رہے۔

ٹرینڈنگ

مینو