برطانیہ : 900 اموات،کینیڈا میں خطرہ بڑھ گیا

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد ایک لاکھ 9 ہزار ہوچکی ہے ، وبا نے 17 لاکھ 80 ہزار افراد کو متاثر کیا ہے، وائرس نے برطانیہ میں مزید 917، اسپین 525 ، اٹلی 619 ، فرانس 635 ، ایران 125 ، بیلجئم 327 ، نیدرلینڈز 132، کینیڈا 84 ، سعودی عرب 5 ، عرب امارات 4 اور عراق میں مزید 2 افراد کی جان لی ہے۔

برطانیہ میں گزشتہ 24 گھنٹے کی نسبت اگرچہ اموات کم ہوئی ہیں لیکن پھر بھی 9 سو سے زائد ہیں ، ہلاک افراد کی تعداد 9 ہزار 8سو 75 اور کیسز 79 ہزار ہوچکے ہیں، ان میں 5 ہزار سے زائد نئے مریض بھی شامل ہیں اور ساڑھے 15 سو افراد آئی سی یو میں ہیں۔

اگرچہ شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے لیکن حکومتی پالیسی پر عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آرہا۔

کینیڈا میں نہ صرف اموات بلکہ کیسز کی شرح بھی بڑھ رہی ہے، ایک ہی دن میں ایک ہزار سے زائد مریض سامنے آئے ہیں اور کیسز بڑھ کر 23 ہزار سے زائد ہوگئے ہیں۔

فرانس میں بھی اموات کی تعداد کم ہوئی ہے لیکن اب بھی پونے 5 ہزار نئے مریض سامنے آئے ہیں، ہلاکتیں 13 ہزار 832 اور کیسز ایک لاکھ 29 ہزار 700 ہوچکے ہیں، وبا سے اٹلی میں 19 ہزار 468 شہری لقمہ اجل بنے ہیں اور اسپین میں یہ تعداد 16 ہزار 6 سو سے زائد ہے۔

سعودی عرب میں ابتک 52 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور مریضوں کی تعداد 4 ہزار سے زائد ہے، وائرس نے متحدہ عرب امارات میں 20 افراد کی جان لی ہے اور تقریبا پونے 4 ہزار کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ایران میں 4 ہزار 357 افراد زندگیوں سے محروم ہوئے ہیں اور وبا نے 70 ہزار سے زائد شہریوں کو متاثر کیا ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو