ایران اور افغان بارڈرز 14 روز بند رکھنے کافیصلہ

حکومت نے کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کی وجہ سے یوم پاکستان کی پریڈ منسوخ کردی ، ایران اور افغان سرحدیں مزید 14 دن بند رکھنے کافیصلہ کرلیا جبکہ ملک بھر میں تمام تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، اس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان ، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹننٹ جنرل فیض حمید ، وفاقی وزرا اور سیکریٹریز نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ٹویٹ میں بتایا کہ ملک بھر کے تمام نجی و سرکاری اسکولز ، کالجز ، جامعات ، ووکیشنل سینٹر اور مدارس 5 اپریل تک بند رہیں گے۔

وزارت داخلہ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق افغان اور ایران سرحدوں کی بندش کا اطلاق 16 مارچ 2020 سے ہوگا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی ایس ایل کے میچز تماشائیوں کے بغیر کرائے جائیں گے۔

عالمی ادارہ صحت کورونا وائرس کو عالمی وبا قرار دے چکا ہے۔ پاکستان میں ابتک 22 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، کراچی میں 15 اور حیدرآباد میں ایک مریض سامنے آیا ہے، ان میں سے کراچی کے 2 افراد صحتیاب ہونے پر ڈسچارج کئے جاچکے ہیں۔ گلگت بلتستان میں 3 ، اسلام آباد میں 2 اور کوئٹہ میں ایک مریض رپورٹ ہوا ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو