جاوید انور کی جانب سے بڑی رقم کا عطیہ

محسن رضا

پاکستانی امریکن آئل ٹائیکون جاوید انور نے اسلام آباد میں منعقد احساس ٹیلی تھون میں رقم عطیہ کرنے کیلئے ٹیلی فون پر ٹیکساس سے شرکت کی۔

اس ٹیلی تھون کا اہتمام پاکستان میں کورونا سے پیدا مسائل سے نمٹنے کیلئے کیا گیا تھا۔ جاوید انور نے وزیراعظم کے اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ قوم عمران خان کی قیادت میں اس بحران سے نمٹ لے گی۔

جاوید انور نے وزیراعظم سے کہا کہ وہ فوری طورپر 2 لاکھ ڈالر پاکستان بھیج رہے ہیں اور متاثرین کی خاطر ہر اقدام کرنے کیلئے تیار ہیں۔

جاوید انور نے وزیراعظم کو بتایا کہ انھوں نے امریکا میں کورونا سے متاثرین کی بحالی کیلئے ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ میں 5 لاکھ ڈالر امداد بھی دی ہے۔

پاکستانی امریکن آئل ٹائیکون کورونا وبا کے خلاف دا سٹیزن فاونڈیشن کی امدادی کوششوں میں ایک لاکھ ڈالر بھی عطیہ کرچکے  ہیں۔

جاوید انور پچھلے برس شوکت خانم اسپتال کیلئے بھی خطیر رقم دے چکے ہیں، انھوں نے امریکا میں پی ٹی آئی کے صدر ساجد برکی اور پی ٹی آئی ٹیکساس کے صدر عاطف خان کو یقین دلایا تھا کہ پاکستان میں صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جاتا رہے گا۔

عمران خان کے دورہ امریکا کے موقع پر بھی جاوید انور انتظامات میں پیش پیش تھے۔ انھوں نے  ہی وزیراعظم کی تقریر کیلئے ہال اور دیگر امور کا انتظام کیا تھا۔ اس مقام پر 15 ہزار سے زائد افراد  وزیراعظم کی تقریر سننے کیلئے موجود تھے۔

جاوید انور امریکا کی ری پبلکن پارٹی  کے اہم سپورٹرز میں سے ایک ہیں اور وہ صدر ٹرمپ اور نائب صدر مائیک پنس سے بھی کئی بار ملاقاتیں کرچکے ہیں

جاوید انور امریکا میں بھی سماجی خدمات کیلئے مشہور ہیں ، وہ ٹیکساس میں مقیم ہیں اور اپنی ریاست میں نہ صرف صحت اور تعلیم بلکہ نوجوانوں کیلئے تفریحی مقامات کے قیام  کیلئے بھی غیرمعمولی رقوم عطیہ کر چکے ہیں۔ سابق صدر جارج بش ان کے مداحوں میں شامل ہیں۔

وزیراعظم عمران خان پاکستانی امریکن جاوید انور کی خدمات سے بخوبی آگاہ ہیں ، احساس ٹیلی تھون میں فون پر بات کرتے ہوئے انھوں نے جاوید انور کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ پاکستان کو جب بھی ضرورت پڑی آپ نے کردار ادا کیا ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو