جدت اپنائیں، میورلز کی طرف آئیں

ویب ڈیسک

کمرے سجانے کیلئے وال پیپرز استعمال کرنے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے جبکہ تھری ڈی میورلز نے کمروں کی خوبصورتی کو مزید چار چاند لگادیئے ہیں۔ ان دنوں کیسے وال پیپرز اور میورلز مشہور ہیں آئیں جانتے ہیں۔

17 ویں صدی سے پہلے ہاتھوں کے ذریعے پینٹ کرنے اور لکڑی کے ٹکڑوں سے پرنٹنگ کا رجحان تھا ، وقت کے ساتھ جدت آتی گئی اور پھر وال پیپرز استعمال کئے جانے لگے ، عام طور پر سمجھا جاتا ہے کہ وال پیپر سے گھر چھوٹا نظر آتا ہے لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے کیونکہ دیکھنے والے خوب صورت ڈیزائن کی دلکشی میں کھوجاتے ہیں۔

اب وال پیپرز رول یا ٹکڑوں میں فروخت کئے جاتے ہیں جنھیں دیوار پر لگانا اور دل بھر جانے پر اتار لینا انتہائی آسان ہے۔

تھری ڈی وال پیپرز نے قدرتی حسن کے متوالوں کی مشکل مزید آسان کردی۔

انسانی ذہن نے تصور کو تصویر کیا اور حقیقت کے رنگ بھرے تو کمروں میں حسین مناظر کا احساس ممکن ہوگیا۔

کمروں کے بیک گراونڈ میں وال پیپرز نہ صرف خوبصورتی کا باعث بنتے ہیں بلکہ تصویر کی ڈیپتھ کمرہ چھوٹا ہونے کا احساس بھی ختم کردیتی ہے۔

دیواریں ہی نہیں کاریگروں نے چھت پر سمندر کا نظارہ بھی ممکن بنادیا ہے۔

ہزاروں سال پہلے (پتھر کے دور میں) بورنیو کے غاروں اور مصر کے مقبروں سے شروع ہونے والا میورلز کا فن ترقی کرتا ہوا جدید دور تک آگیا ہے۔

فن کاروں نے ایسے ایسے شاہکار بنائے ہیں کہ آنکھیں تنگ رہ جاتی ہیں۔

میورلز کے ذریعے شاندار ماضی محفوظ کیا گیا اور روایت پسند افراد کی تسکین بھی ممکن ہوگئی۔

ان دنوں طرح طرح کے میورلز مارکیٹ میں موجود ہیں اور اس کام میں مزید جدت لائی جارہی ہے۔

یورپ میں عموما میورلز پر زیادہ کام ہوا جہاں فن کو پزیرائی ملی۔

میورلز میکرز نے اپنے فن میں جدت کے رنگ بھرے ، اس تھری ڈی ایفیکٹ سرنگ کے ساتھ سفید رنگ کے استعمال نے کاریگر کی مہارت کا ثبوت دیا ہے۔

اب آپ چاہیں تو ڈرائنگ روم میں صوفے کے پیچھے پھول سجائیں یا جانوروں کے میورلز کا انتخاب کریں۔

بچے اور نوجوان ہی نہیں بڑے بھی عموما اس قسم کے میورلز پسند کرتے ہیں۔

کاریگروں نے تخیل کا استعمال کرکے ایسے ایسے شاہکار تیار کئے کہ نہ چاہتے ہوئے بھی لوگ خریدنے پر مجبور ہوجائیں۔

بچیاں ان دنوں ٹیب پر مختلف شہزادیوں کی فلمیں دیکھتی ہیں اور خود کو بھی انہی موویز کا کردار تصور کرتی ہیں ، کسی کو اونا پسند ہے اور کسی اور ایلسا ، میوریلز کے ذریعے ایسی لڑکیوں کے کمرے سجانے کا بھی انتظام کردیا گیا ہے۔

بچوں کی کارٹون کرداروں میں دلچسپی ہو تو مارکیٹ میں ان کے کمرے سجانے کیلئے بھی میورلز دستیاب ہیں۔

سپر ہیروز پسند کرنے والوں کیلئے بھی درجنوں اقسام کے میورلز موجود ہیں۔ اب جدت کے ساتھ ورائٹی کی بھرمار نے لوگوں کیلئے انتخاب آسان بنادیا ہے جبکہ وال پیپرز واٹر پروف ہونے کے ساتھ پینٹ کے مقابلے میں سستے اور دیرپا بھی ہوتے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ وال پیپرز اور میورلز گھر سجانے کے خواہشمند افراد کی پہلی ترجیح بن گئے ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو