جنوبی کوریا اور ایران میں 2 مریضوں کا انتقال

کورونا وائرس دنیا کے 32 ممالک میں پھیل چکا ہے ، ابتک 2 ہزار 250 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ کیسز کی تعداد 76 ہزار 828 ہوچکی ہے۔ چین میں صورتحال سب سے زیادہ خراب ہے۔ ایران اور جنوبی کوریا میں بھی ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

چین میں کورونا نے مزید 118 افراد کی جانیں لے لیں، ہلاک افراد کی تعداد 2 ہزار 236 ہوچکی ہے، 891 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں اور مجموعی کیسز کی تعداد 75 ہزار 467 ہوچکی ہے، مریضوں میں 5سو قیدی بھی شامل ہیں۔

جنوبی کوریا میں ایک اور ہلاکت کے بعد اموات کی تعداد 2 ہوچکی ہے جبکہ ابتک 204 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

جنوبی کوریا میں مزید 100 کیس سامنے آنے کے بعد ایمرجنسی لگادی گئی ہے۔ دو اہم شہروں دائیگو اور شینڈو کو خصوصی زونز قرار دیدیا گیا ہے ، 3 فوجیوں کے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعد فوجی چھانیوں کا لاک ڈاون بھی جاری ہے۔

ایران میں ایک اور شخص کی موت کے بعد ہلاک افراد کی تعداد 4 ہوچکی ہے، 13 نئے مریضوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ قم سے اپنے وطن لبنان پہنچنے والی 45 برس کی خاتون میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، یہ لبنان میں پہلا کیس ہے جبکہ متحدہ عرب امارات میں بھی کورونا کے 9 مریض ہیں۔

جاپان میں کورونا سے 2 اموات ہوئی ہیں اور بحری جہاز پر 634 مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس دنیا بھر میں پھیل چکا ہے، ایشیا ، یورپ ، مشرق وسطی، امریکا اور افریقا میں بھی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں لیکن ابتک مرض کا علاج دریافت نہیں کیا جاسکا ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو