خاندان چھوڑا تو سونے کی چڑیا بھی اڑ گئی

ملکہ برطانیہ الزبتھ نے بیوی کی محبت میں شاہی خاندان چھوڑنے والے اپنے پوتے شہزادہ ہیری کو مثال بنانے کی ٹھان لی۔ انہوں نے تنبیہ کی ہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ سکسس رائل کا لفظ سونے کی چڑیا کے طور پر استعمال نہیں کرسکیں گے۔

شادی کے بعد شہزادہ ہیری کو ڈیوک آف سسکس اور ان کی کینیڈین اہلیہ میگھن مارکل کو ڈچز آف سسکس کا لقب دیا گیا تھا۔

شاہی خاندان چھوڑنے کے بعد شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ کا خیال تھا کہ وہ سسکس رائل کے نام سے برانڈ کو اپنے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کریں گے۔ اس انتہائی قیمتی نام کو کپڑوں ، اسٹیشنزی اور دیگر چیزوں کے برانڈ کے طور پر استعمال کیا جائے گا اور اس سے بیٹھے بٹھائے کروڑوں پاونڈ آمدنی حاصل کی جائے گی۔

شہزادہ ہیری اور میگھن نے سسکس رائل کے نام سے ویب سائٹ اور انسٹاگرام پر لاکھوں پاونڈ خرچ کئے تھے ، ان کا خیال تھا کہ یہ پرکشش نام عالمی سطح کی چیئریٹی تنظیم چلانے کیلئے بھی خوب کارگر رہے گا مگر ملکہ نے ان کے سارے ارمان ٹھنڈے کردیئے ہیں۔

ملکہ برطانیہ نے شہزادہ ہیری اور میگھن کو خبردار کیا ہے کہ وہ شاہی گھرانا چھوڑ چکے ہیں تو اب رائل کا لفظ نہ صرف اپنے نام کے ساتھ نہیں جوڑ سکتے بلکہ یہ کسی برانڈ کے طور پر بھی استعمال نہیں کیا جاسکتا۔

شہزادہ ہیری اور میگھن کو شاہی گھرانا چھوڑنے کی قیمت اب چکانی پڑے گی کیونکہ وہ رائل رہے ہی نہیں ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو