دنیا میں 2470اموات، اٹلی میں بھی 3 ہلاکتیں

کورونا وائرس 33 ممالک میں پھیل چکا ہے، ہلاک افراد کی تعداد 2 ہزار 470 ہوگئی ہے اور 78 ہزار 993 کیسز اب تک رپورٹ ہوچکے ہیں، ایران میں صورتحال مسلسل بگڑ رہی ہے ، 8اموات کے بعد اب تعلیمی ادارے بند اور ثقافتی سرگرمیاں معطل ہیں جبکہ پڑوسی ممالک نے سرحدیں سیل کردی ہیں۔

کورونا وائرس ایران کے 14 صوبوں میں پھیل گیا ،جاں بحق تمام 8 افراد ایرانی شہری تھے اور یہ تعداد چین کے علاوہ کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ ہے۔

ایران کے شہروں میں 43 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ دارالحکومت تہران بھی متاثرہ شہروں میں شامل ہے۔

ایران کے متاثرہ 14 صوبوں میں تعلمی ادارے اور ثقافتی مراکز بند کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مریضوں میں اکثریت قم کی ہے یا وہ قم سے ہو کر آئے تھے۔

تہران میں سب وے اسٹیشنز کے فوارے بند کردیئے گئے ہیں ، تمام فٹبال میچز 10 دن کیلئے منسوخ کئے گئے ہیں اور دارالحکومت میں خوف کی فضا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے بھی کورونا وائرس (COVID-19) کے ایران میں پھیلنے پر اظہار تشویش کیا ہے۔

عراق میں ایک مریض سامنے آیا ہے اور ایرانی سرحد سے آمد ورفت پر پابندی لگائی جاچکی ہے ، ایران کیلئے پروازیں بند ہیں ، کویت ایئرویز نے بھی یہی قدم اٹھایا ہے ، ترکی اور افغانستان نے سرحدیں بند کردی ہیں جبکہ سعودی عرب پہلے ہی شہریوں کو ایران جانے سے روک چکا ہے۔ لبنان میں قم سے جانے والی ایک خاتون میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا۔

متحدہ عرب امارات میں کورونا کے 13 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں ، ان میں ایرانی میاں بیوی بھی شامل ہیں جو سیاحت کیلئے عرب امارات گئے تھے۔

کورونا سے آگاہی میں ماڈلز بھی پیش پیش ہیں اور متحدہ عرب امارات میں ماسک لگا کر کیٹ واک کی گئی ہے۔

اٹلی یورپ میں سب سے متاثرہ ملک ہے جہاں کورونا سے 3 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور مریضوں کی تعداد 157 تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا کے خوف سے اٹلی میں کئی اہم فٹبال میچز منسوخ کردیئے گئے ہیں جبکہ کچھ علاقوں میں اسکول بھی بند ہیں۔

چین میں مزید 99 افراد کی ہلاکت کے بعد ابتک 2 ہزار 444 اموات ہوچکی ہیں اور 76 ہزار 940 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

جاپان میں 12 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور تعداد 146 ہوچکی ہے۔

جنوبی کوریا میں مزید 4 اموات کے بعد ہلاک افراد کی تعداد 6 ہوچکی ہے، 166 کیسز سامنے آئے ہیں اور مریضوں کی مجموعی تعداد 602ہوگئی ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو