قرضے معاف کریں، پوپ: آن لائن ایسٹر

کورونا سے دنیا بھر کی تباہ معیشتوں کی بحالی اور پسماندہ ممالک کو نئے بحران سے بچانے کیلئے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے دردمندانہ اپیل کردی۔ 

ایسٹر سنڈے کے موقع پر دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے ترقی یافتہ ممالک اور اداروں پر زور دیا کہ بڑے دل کا مظاہرہ کریں اور غریب ملکوں کے قرضے معاف کردیئے جائیں۔ پوپ نے کہا کہ یہ ایسٹر ایسے موقع پر آیا ہے جب دنیا میں بہت سے لوگ وبا کے سبب دکھ جھیل رہے ہیں۔ ان میں نہ صرف جسمانی بلکہ اقتصادی مشکلات بھی شامل ہیں۔

پوپ نے کہا کہ کورونا سے پوری دنیا متاثر ہے اس لئے یہ پوری دنیا ہی کے متحد ہونے کا وقت ہے۔ تاریکی اور موت غالب نہیں آسکتے ، ڈریں نہیں ، ہماری روح امید کی کرنوں سے روشن ہے اور خدا ہمارے ساتھ ہے۔

پوپ نے بتایا کہ ان کی دعاؤں میں ڈاکٹر، پیرامیڈیکس ، انتقال کرنے والے ، ان کے لواحقین اور دیگر افراد شامل ہیں۔

دنیا میں کورونا سے بڑے پیمانے پر اموات کا حوالہ دیتے ہوئے پوپ فرانسس نے کہا کہ ہمت نہ ہاریں، امید کا دامن ہر صورت تھامے رکھیں۔

انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ ضرورت مندوں کی مدد کیلئے آگے بڑھیں تاکہ پسماندہ افراد باوقار انداز سے زندگی گزار سکیں۔

سینٹ پیٹرز باسیلیکا میں پچھلے برس 70 ہزار سے زائد افراد کا اجتماع ہوا تھا تاہم مہلک وبا کے سبب اس بار صرف چند افراد پر مشتمل دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پوپ فرانسس نے عقیدت مندوں پر زور دیا کہ ایسے وقت میں جب موت کے سائے منڈلا رہے ہیں ، خوف ذدہ نہ ہوں، زندگی کے پیام بر بنیں۔

برطانیہ ، یورپ ، امریکا اور کینیڈا سمیت دنیا بھر کے گرجا گھروں میں عبادات بغیر اجتماع کے ہوئیں تاہم تقریبات آن لائن دکھانے کے خاص انتظامات کئے گئے۔

پاکستان کے مختلف گرجا گھروں میں بھی تقریبات ہوئیں مگر پادری اور مخصوص افراد شریک ہوئے۔

مسیحی برادری سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے پادریوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰ نے مصائب جھیل کر صبر اور برداشت کا درس دیا تھا ، ان کی تعلیمات پر عمل کیا جائے اور وبا سے محفوظ رہنے کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی جائیں۔

فادر گلشن نے زبر نیوز سے بات کرتے ہوئے تمام مسیحی کمیونٹی کو ایسٹر سنڈے کی مبارک باد دی اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں، حفاظتی تدابیر پر عمل کریں اور خداوند سے دعا کریں۔

کراچی سمیت ملک بھر میں مسیحی کمیونٹی نے تہوار کی تقریبات ویٹی کن اور مقامی گرجاگھروں سے براہ راست دیکھیں۔

مسیحی عقائد کے مطابق ایسٹر سنڈے حضرت عیسی علیہ السلام کے پھر سے جی اٹھنے کا دن ہے۔ یہ دن انتہائی شان وشوکت سے منایا جاتا ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو