لاک ڈاؤن: دہائی نہیں پپو نائی کی کمائی

کورونا وبا کے باعث لاک ڈاؤن نے زندگی کے طور طریقے ہی تبدیل کردیئے ہیں ، ایسے میں کاروبار کے انداز بھی بدلتے جارہے ہیں۔

لاک ڈاؤن میں جہاں نائیوں کا کاروبار ناممکن ہوا وہیں شہریوں کیلئے بال کٹوانا بھی مشکل ہوگیا لیکن ضرورت ایجاد کی ماں ہے اور ہر مسئلے کا حل ممکن ہے۔

لاہور میں باربر آن وہیلز نے یہ مسئلہ حل کردیا ہے ، اب لاک ڈاؤن سخت ہو یا نرم نائی کی کمائی بند نہیں ہوگی، آپ کو صرف اپائنٹمنٹ لینا ہوگا اور حفاظتی لباس پہن کر نائی مقررہ وقت پر گھر پہنچ جائے گا۔

یہ نائی بال کاٹتے یا شیو بناتے ہوئے حفظان صحت کے تمام اصولوں کو مدنظر رکھے گا اور کلائنٹ کیلئے بھی حفاظتی ماسک ساتھ لے کر آئے گا جسے پہننا لازمی ہوگا۔

نائی چونکہ گھر آئے گا اس لئے پیسے بھی زیادہ کمائے گا، داڑھی بنوانے کا ریٹ 5 سو روپے مقرر کیا گیا ہے اور اگر بال بھی کٹوائے جائیں گے تو ایک ہزار روپے دینے پڑیں گے۔

اب وزیراعلی عثمان بزدار صاحب لاک ڈاؤن نرم کریں یا سخت لاہوریوں کیلئے پپو نائی کو گھر بلانا ممکن ہوگیا ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو