ٹرمپ کا چین کے خلاف شواہد دینے کا وعدہ

امریکا میں کورونا وائرس سے اموات کا زور نہ ٹوٹ سکا، یورپ میں وبا پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا البتہ برطانیہ میں اب بھی ہلاکتیں غیر معمولی تعداد میں جاری ہیں اور برطانیہ اموات کے اعتبار سے امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔

امریکا میں کورونا سے روزانہ اموات اب بھی 15 سو سے زائد ہیں، نیویارک میں مزید 230 ، الی نوائے میں 176 ، نیوجرسی میں 322 ، پنسلوانیا میں 162 اور فلوریڈا میں 75 افراد جان سے گئے ہیں جبکہ ملک میں ہلاکتیں لگ بھگ 72 ہزار ہوچکی ہیں۔

امریکی صدر سے چند روز پہلے پوچھا گیا تھا کہ کیا کورونا وائرس کا اوریجن (ماخذ) ووہان لیب ہے ، اس پر انہوں نے اثبات میں جواب دیا تھا۔ لفظ اوریجن کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اب یہ کہا ہے کہ وائرس لیبارٹری سے پھیلا نہ کہ وائرس لیبارٹری میں تیار کیا گیا۔ امریکی صدر نے شواہد دینے کا بھی وعدہ کیا ہے۔

کینیڈا میں روزانہ اموات کی تعداد بڑھتی جاری رہی ہے، 180 سے زائد افراد کی موت کے بعد اب ہلاکتیں 4 ہزار 36 ہوچکی ہیں، 12 سو نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کیسز بڑھ کر 62 ہزار ہوگئے۔

امریکا کا سب سے قریبی اتحادی برطانیہ اموات کے اعتبار سے دنیا بھر میں دوسرے اور یورپ میں پہلے نمبر پر آگیا۔ کورونا نے مزید 693 افراد کی جان لی اور ہلاکتیں بڑھ کر 29 ہزار 427 ہوگئیں، ایک ہی دن میں 4 ہزار 406 کیسز رپورٹ ہوئے اور ابتک ایک لاکھ 95 ہزار افراد بیمار ہوچکے ہیں۔ اموات کی تعداد اس قدر بڑھنے کے سبب برطانوی وزیراعظم پر تنقید بڑھ گئی ہے ، کئی حلقوں کے خیال میں بورس جانسن نے یورپ کے دیگر ملکوں کے مقابلے میں لاک ڈاون کرنے میں تاخیر کی تھی۔ تنقید امریکی صدر پر بھی کی جارہی ہے جنھوں نے پابندیوں کے نفاذ میں دیر کی اور یورپ پر پابندی لگانے کے باوجود برطانیہ سے پروازیں آنے دیں۔

برطانوی شہری حکومتی ہدایات نظر انداز کرتے رہے ہیں اور اب نائب چیف سائنٹیفک ایڈوائزر انجیلا میکلین نے کاروں کے بڑھتے ہوئے استعمال پر پریشانی کا اظہار کیا ہے۔

اسپین میں اموات کم ہوتے ہی شہری بے خوف ہوگئے ، ملک میں مزید 185 افراد زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور تعداد 25 ہزار 613 ہوگئی، فرانس میں 25 ہزار 531 اموات ہوئیں اور ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد شہری بیمار ہوئے ہیں۔ اٹلی میں وائرس سے روزانہ اموات بڑھی ہیں ، ایک دن پہلے 195 افراد کا انتقال ہوا تھا اور اب 236 ہلاکتیں ہوئی ہیں، ملک میں مجموعی طور پر 29 ہزار 315 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں اور کیسز کی تعداد 2 لاکھ 13 ہزار ہے۔

ایران میں کورونا کی ہلاکت خیزی مزید کم ہوئی ہے، 63 اموات کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہزار 340 ہوگئی، سعودی عرب میں مزید 9 شہریوں کا انتقال ہوا اور وبا ابتک 200 افراد کی زندگیاں نگل چکی ہے، متحدہ عرب امارات میں بھی 9 افراد جان کی بازی ہارے اور یہاں اب تک 146 افراد کا انتقال ہوچکا ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو