جاپانی شہنشاہ کی سالگرہ تقریب سے قونصل جنرل کا خطاب

جاپانی قونصل جنرل اسومورا توشیکازو نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوگئی ہے اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ گئے ہیں۔ انھوں نے یہ بات کراچی کے مقامی ہوٹل میں جاپانی شہنشاہ ناروہیتو کی 60 ویں سالگرہ کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب کا آغاز جاپان اور پاکستان کے قومی ترانوں سے کیا گیا ، کراچی میں جاپان کے ڈپٹی قونصل جنرل آشیدا کاتسونوری نے دونوں ممالک کے ترانے پیش کئے۔ گزشتہ برس جاپانی شہشاہ اکی ہیتو کی دستبرداری کے بعد ہیسے عہد کا اختتام ہوا تھا، اس کے بعد ان کے بیٹے ناروہیتو کا دور شہنشاہیت یعنی ریوا دور کا آغاز ہوا، ریوا عہد کے تحت منایا گیا یہ جاپان کا پہلا قومی دن تھا۔  اس سال یہ تقریب 2020 کے ٹوکیو اولمپک اور پیرا اولمپک گیمز کے فروغ کیلئے بھی منعقد کی گئی ، اولمپک اور پیرااولمپک کے دو ماسکوٹ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی قونصل جنرل نے میزبانی پر مسرت کا اظہار کیا، انھوں نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں میں پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہتر ہوئی ، اس سے سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ گئے ہیں، اسومورا توشیکازو نے بتایا کہ کراچی میں جاپانی ثقافت کو فروغ دینے والے تقریبا 23 ادارے کام کر رہے ہیں۔

قونصل جنرل نے پاکستانی شہریوں کو دعوت دی کہ وہ جولائی میں جاپان جا کر ٹوکیو اولمپک اور پیرااولمپک کھیلوں سے لطف اندوز ہوں ، اس موقع پر پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن کی صدر سعدیہ راشد اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے نائب چیئرمین کلیم فاروقی نے جاپانی عوام کو شہنشاہ کی سالگرہ پر مبارکباد دی۔

تقریب کا اختتام کیک کاٹنے کی رسم سے ہوا جس کے بعد شرکا کی مزیدار جاپانی کھانوں سے تواضع کی گئی۔

تقریب میں سرکاری عہدیداروں ، سیاست دانوں ، سفارتکاروں اور کاروباری افراد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے متعلق افراد نے شرکت کی۔

ٹرینڈنگ

مینو