امریکا: کورونا کیسز 1 لاکھ ، 17سو اموات

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 28 ہزار 3 سو سے زائد ہوچکی ہے، 6لاکھ 14 ہزار افراد متاثر اور ایک لاکھ 37 ہزار صحت یاب ہوئے ہیں ،وائرس نے امریکا ، اٹلی ، برطانیہ اور اسپین میں قیامت برپا کردی ہے۔

کورونا نے امریکا میں قیامت برپا کردی، ہلاک افراد کی تعداد 1700 سے بھی بڑھ گئی، مریض ایک لاکھ سے زائد ہوگئے اور یہ تعداد اٹلی اور چین سے بھی زیادہ ہے۔

برطانیہ میں اب تک ایک دن میں سب سے زیادہ ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں، 181 اموات کے بعد ہلاک افراد کی تعداد 759 ہوگئی ہے۔ انہی میں نارتھ ویسٹ لندن سے تعلق رکھنے والے برٹش پاکستانی ڈاکٹر حبیب زیدی بھی شامل ہیں ، برطانیہ میں کسی بھی ڈاکٹر کی یہ پہلی موت ہے۔

ڈاکٹر زیدی کا خاندان طب کے پیشے سے وابستہ ہے۔ ایسکس سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر زیدی کا انتقال بیماری کے 24 گھنٹے میں ہی ہوگیا، ان کی اہلیہ ڈاکٹر طلعت زیدی اور بیٹی ڈاکٹر سارہ علاقے میں خدمات کی وجہ سے انتہائی مشہور ہیں۔

اٹلی میں ابتک 9 ہزار ایک سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور مریضوں کی تعداد 86 ہزار 5سو ہوگئی ہے۔ چین میں ہلاکتیں لگ بھگ 3 ہزار 3 سو اور کیسز 81 ہزار سے زیادہ  ہیں۔

کورونا نے اسپین میں مزید 552 افراد کی جان لی ہے اور تعداد 5 ہزار 700 ہوگئی ہے ، جرمنی میں ابتک 399 مریضوں نے دم توڑا ہے ، فرانس میں وبا سے 2 ہزار افراد لقمہ اجل بنے ہیں اور 33 ہزار کیسز سامنے آئے ہیں۔

کراچی سے آدھی آبادی یعنی ایک کروڑ 15 لاکھ نفوس پر مشتمل ملک بیلجئم میں مزید 64 ہلاکتیں ہوئی ہیں اور اب ہلاک افراد کی تعداد 399 ہوگئی ہے، کینیڈا میں 55 اموات اور 4 ہزار 7 سو سے زائد کیسز سامنے آنے کے بعد شہری خوفزدہ ہیں۔

ایران میں مزید 139 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور تعداد 2517 ہوگئی ہے۔  عراق میں اموات 42 ہوچکی ہیں، متحدہ عرب امارات میں 2 اموات ہوئی ہیں اور 4 سو سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو