کورونا:مزید 12 اموات، تعداد 277،کیسز 13318

ملک میں کورونا وائرس کے مزید 12 مریض انتقال کرگئے، جاں بحق افراد کی تعداد 277 ہوگئی ، کیسز بڑھ کر 13 ہزار 318 ہوگئے جن میں سے 2ہزار 866 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 3 مریضوں کا انتقال ہوگیا اور اموات 81 ہوگئیں، صوبے میں نئے مریض بھی رپورٹ ہوئے اور کیسز بڑھ کر 5 ہزار 446 ہوگئے، اسلام آباد میں مزید 12 افراد وائرس سے متاثر ہوئے اور متاثرین کی تعداد 235 ہوگئی، وفاقی دارالحکومت میں 3 افراد کی جان بھی جاچکی ہے۔

وبا نے سندھ میں مزید 3 زندگیاں چھین لیں ، جاں بحق افراد کی تعداد 81 ہوگئی اور کیسز بڑھ کر 4 ہزار 615 ہوگئے، 24 گھنٹے کے دوران سندھ میں 70 مریض صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ بلوچستان میں ایک اور مرض کا انتقال ہوا ، یہاں اموات 11 اور کیسز 781 ہیں۔

خیبرپختونخوا میں مزید 5 مریض چل بسے ، ان میں سے 4 کا انتقال پشاور اور ایک کا سوات میں ہوا ، صوبے میں ابتک 98  اموات ہوئی ہیں اور کیسز ایک ہزار 864 ہیں، جاں بحق افراد میں پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید بھی شامل ہیں، ان کی نماز جنازہ میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ملازمین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

وبا گلگت بلتستان میں 3 افراد کی جان لے چکی ہے اور کیسز بڑھ کر 318 ہوگئے ہیں، آزاد کشمیر میں 4 مریض سامنے آئے اور مریضوں کی تعداد 59 ہوگئی۔ ملک بھر نہ صرف اموات کی شرح بڑھ رہی ہے بلکہ کیسز میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، یکم رمضان کو 17 اموات ہوئی تھیں اور کیسز 12 ہزار 659 تھے۔

ٹرینڈنگ

مینو