برطانیہ میں 20 ہزار اور دنیا میں 2 لاکھ اموات

کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 2 لاکھ اور متاثرین کی 29 لاکھ 20 ہزار سے بھی زیادہ ہوچکی ہے۔ امریکا میں مزید 2 ہزار ، اسپین 378 ، اٹلی 415 ، فرانس 369 ، جرمنی 113، برطانیہ 813 ، ایران 76 ، کینیڈا 163 ، سعودی عرب 9 اور متحدہ عرب امارات میں 7 افراد زندگیوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

امریکا میں 54 ہزار سے زائد افراد جانیں گنوا چکے ہیں ، نیویارک اب بھی اموات میں سب سے متاثرہ ریاست ہے جہاں مزید 617 ہلاکتیں ہوئی ہیں ، نیوجرسی میں 246 اور مشی گن میں 189 مریضوں نے دم توڑا ہے۔

لگ بھگ 22 ہزار اموات دیکھنے والے شہر نیویارک کا یہ حال ہے ، لوگوں نے لاک ڈاؤن نظر انداز کردیا ہے۔ صرف اسی شہر میں نہیں امریکا کے کئی ساحلوں پر لوگوں کا ہجوم لگا رہا۔

کینیڈا میں اموات کی شرح بڑھ رہی ہے، 2 ہزار 465 مریض انتقال کرچکے ہیں اور متاثرین کی تعداد 45 ہزار سے زائد ہے۔

برطانیہ میں 20 ہزار 319 اموات ہوچکی ہیں ، ایک لاکھ 48 ہزار سے زائد شہری متاثر ہیں لیکن حکومت لاک ڈاؤن پر عمل درآمد نہیں کرسکی۔ اسپین میں 22 ہزار 902 ، اٹلی میں 26 ہزار 384 ، فرانس میں 22 ہزار 614 اور جرمنی میں 5 ہزار 873 افراد زندگیوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں ، یورپ کے کئی ممالک میں وبا کا زور ٹوٹ رہا ہے اور اموات کے ساتھ ساتھ مریضوں کی تعداد بھی کم ہوگئی ہے۔

سعودی عرب میں 136 اموات ہوچکی ہیں ، 12 سو نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد متاثرین کی تعداد 16 ہزار 300 ہوچکی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں 71 مریضوں کا انتقال ہوا جبکہ کیسز 9 ہزار 813 ہیں، ایران میں ابتک 5 ہزار 650 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور وبا کا زور ٹوٹ رہا ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو