کورونا :بچاو کیلئے قانون سازی کا حکم

سپریم کورٹ نے کورونا وائرس سے بچاو کیلئے قانون سازی کا حکم دیدیا، چیف جسٹس گلزار احمد نے کہاہے کہ پریس کانفرنس سے عوام کا تحفظ نہیں ہوگا، قانون سازی اور اس پر عمل سے ہوگا۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے کورونا وائرس از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت نے اب تک کورونا سے بچاو کیلئے قانون سازی نہیں کی، قانون بنا کر ملک بھر میں اطلاق کیا جانا چاہئے۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ وہ حکومت کو قانون سازی کی تجویز دیں گے۔ وبا سے بچاو کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور اب ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ کورونا سے اموات ہورہی ہیں ، وفاقی حکومت کا کردار قائدانہ ہونا چاہئے، حکومت کے پاس اب وقت نہیں، ملک میں کورونا کیسز ایک لاکھ سے زائد ہوچکے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عوام کا تحفظ پریس کانفرنسز سے نہیں قانون بننے اور اس پر عمل سے ہوگا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ عید پر لوگوں نے ایس او پیز کو نظرانداز کیا، انھوں نے ہدایت کی کہ ڈاکٹروں کو حفاظتی سامان ہر صورت فراہم کیا جانا چاہئے۔

ٹرینڈنگ

مینو