ایران میں 354 افراد جاں بحق، برطانوی وزیربھی بیمار

عالمی ادارہ صحت نے کورونا کو وبا قرار دیدیا ہے، وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 4ہزار 3 سو سے بھی زیادہ ہوگئی، چین میں مزید 22، بیلجئم میں 3، جنوبی کوریا میں 6 ، پاناما ، امریکا ، لبنان ، انڈونیشیا اور البانیہ میں مزید ایک ایک شہری ہلاک ہوا ہے۔ امریکا میں ہلاک افراد کی تعداد 31 ، اسپین میں 49 ، اٹلی میں 631 ، جرمنی میں 3 ، سوئٹزر لینڈ میں 4 اور ایران میں 354 ہوچکی ہے۔

کورونا اب تک دنیا بھر میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد کو متاثر کرچکا ہے۔ چین میں صورتحال مسلسل بہتر ہورہی ہے لیکن یورپ اور امریکا میں مرض وبائی شکل اختیار کرتا جارہا ہے۔

6 کروڑ آبادی کے ملک اٹلی میں لاک ڈاون کے بعد سے سڑکوں پر سناٹا ہے اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔ ساڑھے 6 سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں ان میں پاکستانی امتیاز احمد بھی شامل ہیں۔ ملک میں 10 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور حکومت کی اپیل پر چین نے مدد کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

امریکا میں صرف 3 دن کے دوران کورونا کیسز کی تعداد ڈبل ہوگئی ہے، سب سے زیادہ متاثرہ ریاست واشنگٹن کی 3 کاونٹیز میں ڈھائی سو افراد سے زائد کے جمع ہونے پر پابندی لگائے جانے کا امکان ہے۔ میساچوسٹس میں ایمرجنسی لگادی گئی ہے ، نیویارک اور کیلی فورنیا کی بھی صورتحال بہت زیادہ مختلف نہیں، ملک بھر میں یونیورسٹیز بند اور آن لائن کلاسزکا اہتمام کیا جارہا ہے۔ کینیڈا میں اگرچہ ہلاکت ایک ہی ہوئی ہے لیکن مریضوں کی تعداد 90 سے زیادہ ہے۔

برطانیہ میں 380 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، ان میں نائب وزیر صحت نیڈین ڈوریس بھی شامل ہیں، مرض کی تشخیص کے بعد 62 برس کی رہنما نے خود کو گھر تک محدود کرلیا ہے۔  انھوں نے چند روز میں ان گنت افراد سے ملاقات کی تھی ، ان میں وزیراعظم بورس جانسن اور ان کی حاملہ دوست بھی شامل ہیں۔

جرمنی جہاں 15 سو سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں اب سالانہ ثقافتی میلہ منسوخ کردیا گیا ہے ، جرمنی اور اٹلی کے درمیان 31 مارچ کو کھیلا جانے والا فٹ بال میچ بھی تماشائیوں کے بغیر کرایا جائے گا۔ فرانس میں 30 سے زائد ہلاکتوں کے ساتھ تقریبا 1800 کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ بیلجئم میں 3 اموات ہوئی ہیں۔

ایران میں تقریبا ساڑھے 3 سو افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور مریضوں کی تعداد 9ہزار سے زائد ہے۔ انڈونیشیا اور پاناما میں پہلی ہلاکتوں کے بعد ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو