کورونا: سندھ حکومت کی کارکردگی افسوسناک قرار

سپریم کورٹ نے کورونا کے بعد سندھ حکومت کی کارکردگی کو افسوسناک قرار دے دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے کورونا سے متعلق حکومتی اقدامات پر از خود نوٹس کی سماعت کا حکم جاری کردیا، عدالت نے حکومت سے اعلی سطح اجلاسوں کے فیصلوں کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ کراچی کی 11 یونین کونسلز سیل کرنے کا ٹھوس جواز پیش نہیں کیا گیا، صوبائی حکومت کو سیل کی گئی یوسیز میں متاثرہ افراد کی تعداد بھی معلوم نہیں، متاثرہ علاقوں میں خوراک اور طبی امداد کی فراہمی کا بھی منصوبہ پیش نہیں کیا گیا۔

عدالتی فیصلے میں سندھ حکومت کی کارکردگی کو افسوسناک قرار دیا گیا اور کہا گیا کہ حکومت 8 ارب روپے کا راشن بانٹنے کا ثبوت نہیں دے سکی، عوام کھانا نہ ملنے کی شکایت کر رہے ہیں۔ عدالت نے صوبائی حکومت سے راشن کی تقسیم اور خریداری کی تفصیلات بھی طلب کرلی ہیں۔

سپریم کورٹ نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو ڈاکٹروں کی ضروریات پوری کرنے کا حکم دیا جبکہ پنجاب حکومت اور اسلام آباد انتظامیہ سے وبا سے نمٹنے کیلئے اقدامات اور امدادی کاموں کی تفصیل بھی طلب کی ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو