کورونا: مزید 17 اموات ، تعداد 265 ، کیسز 12658

ملک میں کورونا وائرس کے مزید 17 مریضوں کا انتقال ہوگیا جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 265 ہوگئی، اب تک 12 ہزار 658 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 2 ہزار 775 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

پنجاب میں مزید 10 مریض دم توڑ گئے ، وبا پھیلنے کے بعد سے 78 افراد کی جان جاچکی ہے۔ 195 نئے مریض رپورٹ ہونے کے بعد کیسز 5 ہزار 326 ہوگئے ہیں۔ اسلام آباد میں 223 متاثرین ہیں جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 3 افراد کا انتقال بھی ہوچکا ہے۔

سندھ میں کورونا نے مزید 3 افراد سے زندگی چھین لی اور اموات 78 ہوگئیں ، صوبے  میں کیسز کی تعداد 4 ہزار 232 ہوگئی ہے، وبا نے بلوچستان میں 10 افراد کی جان لی اور کیسز 721 ہیں۔

خیبرپختونخوا میں 4 مریض زندگی کی بازی ہار گئے، اموات 93 اور کیسز ایک ہزار 793 ہیں، جاں بحق افراد میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے پروفیسر ڈاکٹر محمد جاوید بھی شامل ہیں، معروف ای این ٹی ڈاکٹر جاوید کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر تھے اور وبا سے متاثرہ افراد کے علاج میں مصروف تھے، وہ صوبے  میں پہلے ڈاکٹر ہیں جن کا اس وائرس سے انتقال ہوا ہے، صوبے میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کے 50 ارکان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آچکا ہے۔

گلگت بلتستان میں 307 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور 3 افراد کا انتقال ہوا ہے جبکہ آزاد کشمیر میں مریضوں کی تعداد 55 ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو