کورونا: مزید 22اموات، کیسز24 ہزار 648

کورونا وائرس نے ملک میں مزید 22 افراد کی جان لے لی، اموات بڑھ کر 585 ہوگئیں ، کیسز بھی بڑھے ہیں اور متاثرین کی تعداد 24 ہزار 648 ہوچکی ہے، ان میں سے 6 ہزار 464 مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 14 مریض انتقال کرگئے اور جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 171 ہوگئی، 453 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور وبا 9 ہزار 93 شہریوں کو متاثر کرچکی ہے ، 24 گھنٹے کے دوران 122 مریض صحت یاب ہوئے اور اب صوبے میں صحت یاب افراد کی تعداد ایک ہزار 853 ہے۔

بلوچستان میں ایک اور مریض چل بسا اور کورونا وائرس سے اموات 22 ہوگئیں، صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 663 ہے۔ خیبرپختونخوا میں 203 افراد کا انتقال ہوچکا ہے اور وبا ابتک 3 ہزار 712 شہریوں کو متاثر کر چکی ہے۔

پنجاب میں اموات تشویشناک حد تک بڑھنے لگیں ، 7 نئے مریضوں کی جان گئی اور ابتک 182 ہلاکتیں ہوچکی ہیں، مزید 118 کیسز رپورٹ ہوئے اور متاثرین کی تعداد 9 ہزار 195 ہوچکی ہے۔ اسلام آباد میں مزید 36 مریضوں کو اسپتال لایا گیا اور کیسز 521 ہوگئے ، وفاقی دارالحکومت میں 4 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں۔

آزاد کشمیر میں ابتک 76 شہریوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ گلگت بلتستان میں مریضوں کی تعداد 388 ہے اور 3 افراد کا انتقال بھی ہوچکا ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو