ایک مریض کتنے لوگوں کو کورونا لگاتا ہے ، امریکی ماہر نے بتادیا

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 5 ہزار 9 سو 60 ہوگئی اور وائرس اب تک ایک لاکھ 60 ہزار افراد کو متاثر کرچکا ہے، ایران میں مزید 113، چین میں 10 ، جنوبی کوریا ، فلپائن اور امریکا میں 3، 3 ، آسٹریلیا میں 2 اور یونان میں ایک شخص موت کی آغوش میں چلا گیا ہے۔

چین نے اگرچہ مرض پر بڑی حد تک قابو پالیا ہے لیکن ہلاکتوں کا سلسلہ رکا نہیں ہے ، تقریبا 3 ہزار 2 سو افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور 80 ہزار 900 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا امریکا میں بھی 60 افراد کی جان لے چکا ہے اور 3 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ صدر ٹرمپ بچ گئے ، ان کا کورونا ٹیست منفی آنے پر نہ صرف ان کی بلکہ وائٹ ہاوس کے بڑے بڑوں کی جان میں جان آئی ہے۔

اب نائب صدر مائیک پنس اور ان کی اہلیہ بھی کورونا ٹیسٹ کرانے پر رضامند ہوگئے ہیں۔ انھوں نے بھی ایسی تقاریب میں شرکت کی تھی جہاں موجود بعض افراد کورونا مرض میں مبتلا ہوئے ہیں۔

امریکا کی اعلی ترین یونیورسٹیوں میں سے ایک جان ہاپکنز کے میڈیکل پروفیسر ڈاکٹر مارٹی نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ مریضوں کی جو تعداد سامنے آرہی ہے اس پر یقین نہ کریں ، ملک میں 3 ہزار سے زائد مریض ہیں اور یہ وائرس ہر بیمار شخص کے ذریعے 25 سے 50 افراد میں پھیلنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ امریکا میں کورونا کے کیسز کی تعداد 50 ہزار سے 5 لاکھ ہوسکتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ پولیو کے بعد کورونا بدترین وبا ثابت ہوگا۔

اٹلی جہاں لاک ڈاون ہے ابتک تقریبا ساڑھے 14 سو افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 21 ہزار سے زیادہ ہے۔

اسپین میں تقریبا 196 ، فرانس میں 91 ، جرمنی میں 9 ، سوئٹزر لینڈ میں 13 ، برطانیہ میں 21 ، ناروے میں 3 ، سوئیڈن میں 2 ، نیدرلینڈ میں 12 ، ڈنمارک میں 1 ، جاپان میں 22 اور آسٹریلیا میں 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

وائرس اب تک ایران میں 724 افراد کی جان لے چکا ہے۔ کینیڈا میں 1 شخص ہلاک ہوا ہے اور 252 افراد زیرعلاج ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو