2 کھلاڑی چلے گئے ، کئی کی تیاریاں

کورونا وائرس کے باعث غیر ملکی کرکٹرز پی ایس ایل میچز چھوڑ کر واپس چلے گئے جبکہ انتظامیہ نے میچز کا شیڈول تبدیل کردیا ہے۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے پیش نظر غیر ملکی کھلاڑی کو پیشکش کی تھی کہ اگر وہ واپس جانا چاہیں تو جاسکتے ہیں۔

زلمی کے ویسٹ انڈین کھلاڑی کارلوس براتھ ویٹ اور ملتان کے رائیلی روسو وطن چلے گئے ہیں جبکہ کئی دیگر کھلاڑی بھی وطن جانا چاہتے ہیں۔ ترجمان پی سی بی نے بتایا کہ اب مقامی کھلاڑیوں کو ٹیموں میں شامل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق 9 غیر ملکی کھلاڑیوں نے واپسی کا فیصلہ کیا ہے، ان میں لیوس گریگری ، لیام لیونگسٹن ، ٹام بینٹن، لیام ڈاسن ، بریتھ ویٹ، ایلکس ہیلز ، جیسن رائے ، ٹائمل ملز ، رائیلی روسو اور جیمز ونس شامل ہیں۔

حکام نے پی ایس ایل شیڈول تبدیل کیا ہے اور اب فائنل 22 کے بجائے 18 مارچ کو ہوگا، تمام پلے آف میچز ختم کردیئے گئے ہیں اور 4 ٹاپ ٹیمیں سیمی فائنل کھیلیں گی۔

اب 17 مارچ کو پہلا سیمی فائنل دوپہر 2 بجے لاہور میں ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل شام 7 بجے لاہور میں کھیلا جائے گا ، فائنل 18 مارچ کی شام 7 بجے لاہور میں ہوگا۔ پوائنٹس ٹیبل پر موجود پہلی ٹیم چوتھے نمبر کی ٹیم کا سامنے کرے گی جبکہ دوسری اور تیسری پوزیشنز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ 13 مارچ کو پشاور زلمی اور ملتان سلطان رات 8 بجے کراچی میں مدمقابل ہوں گی، 14 مارچ کو کراچی اور اسلام آباد کا میچ شام 7 بجے ہوگا۔ 15 مارچ کو ملتان اور لاہور قذافی اسٹیڈیم میں 2 بجے آمنے سامنے ہوں گی، کوئٹہ اور کراچی کنگز کا میچ کراچی میں شام 7 بجے ہوگا۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ لوگوں سے ہاتھ نہ ملائیں ، کرکٹ فینز سے بھی درخواست کی گئی تھی کہ کرکٹرز سے آٹوگراف نہ لیں اور ان کے ساتھ تصاویر کھنچوانے پر اصرار نہ کریں۔ پی سی بی نے یہ فیصلہ بھی کیا تھا کہ میچ کے بعد کھلاڑی مخالف ٹیم کے کرکٹر سے بھی ہاتھ نہیں ملائیں گے۔

ٹرینڈنگ

مینو