وزیراعلی سندھ کے رشتے دار بھی مریضوں میں شامل

کوئٹہ ، کراچی اور حیدرآباد میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز سامنے آگئے ہیں ، سندھ میں کورونا مریضوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے ، ان میں وزیراعلی سندھ کے قریبی رشتے دار بھی شامل ہیں ، بلوچستان میں پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد اب ملک میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 19 ہوچکی ہے۔

بلوچستان میں کورونا کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے ، 12 برس کا بچہ اپنے والدین کے ساتھ ایران سے تفتان پہنچا تھا جہاں یہ فیملی قرنطینہ میں بھی رہی تھی ، کوئٹہ میں مرض کی تشخیص کے بعد بچے کو فاطمہ جناح اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے، سندھ کے ضلع دادو سے تعلق رکھنے والے بچے کے والدین میں وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

کراچی اور حیدرآباد میں مزید 2 کیسز رپورٹ ہونے کے بعد سندھ میں مریضوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے ، ان میں وزیراعلی مراد علی شاہ کے انتہائی قریبی رشتے دار بھی شامل ہیں، وہ ایران سے کراچی پہنچے تھے اور اب ان کے اہلخانہ کی بھی نگرانی کی جارہی ہے۔

حیدرآباد میں کورونا کا یہ پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے اور متاثرہ شخص شام اور دوحا سے ہوکر وطن پہنچا تھا۔ کراچی میں ابتک کورونا کے 14 مریض سامنے آئے ہیں ، ان میں سے ایک یحییٰ جعفری صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کراچی ، حیدر آباد اور کوئٹہ کے علاوہ اسلام آباد میں 2 اور گلگت بلتستان میں بھی ایک کیسز رپورٹ ہوا ہے اور یہ تینوں مریض زیرعلاج ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو