کورونا :27 اموات، تعداد 435، کیسز 18822

کورونا وائرس نے ملک میں مزید 27 مریضوں کی جان لے لی جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 435 ہوگئی، وبا اب تک 18 ہزار 822 افراد کو متاثر کرچکی ہے ، ان میں سے 4 ہزار 715 صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔

لاک ڈاؤن نرم ہوتے ہی کورونا وائرس سے اموات بڑھ گئیں، جمعہ کو ریکارڈ 47 افراد نے دم توڑا تھا اور اب پنجاب سے 9 افراد کے دم توڑنے کی خبر آگئی ، سب سے بڑے صوبے میں اموات بڑھ کر 115 ہوگئی ہیں، مزید 514 مریض رپورٹ ہوئے اور کیسز 6 ہزار 854 ہوچکے ہیں۔ اسلام آباد میں مزید 22 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور کیسز 365 ہوگئے، درالحکومت میں اب تک 4 افراد کا انتقال بھی ہوچکا ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 4 مریض دم توڑ گئے اور صوبے میں اموات 122 ہوگئیں ، 427 نئے مریض اسپتال پہنچے اور کیسز کی تعداد 7 ہزار 102 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں مزید 11 مریض چلے بسے اور اموات بڑھ کر 172 ہوگئیں ، 108 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور وبا نے ابتک 2 ہزار 907 افراد کو متاثر کیا ہے۔ بلوچستان میں 3 افراد کا انتقال ہوا اور ہلاکتیں 19 ہوگئیں ، 36 نئے مریضوں کے بعد کیسز ایک ہزار 172 ہوگئے۔

گلگت بلتستان میں 16 نئے کیسز کے بعد کورونا مریضوں کی تعداد 356 ہے اور یہاں 3 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں، آزاد کشمیر میں ابتک 66 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو