کیلی فورنیا میں کوچیئر کے طور پر خدمات انجام دیں گے

محسن رضا

امریکا میں صدارتی امیدوار بننے کے ڈیموکریٹ خواہش مند پیعٹ بڈاجج نے پاکستانی امریکی ڈاکٹر آصف محمود کو اپنی مرکزی ٹیم میں شامل کرلیا۔ ڈاکٹر آصف ریاست کیلی فورنیا میں کوچئیر کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔

ڈاکٹر آصف محمود اب مختلف ریاستوں میں پیعٹ بڈاجج کی مہم چلائیں گے اور لوگوں کو میڈی کئیر ، کلائمیٹ چیلنج ، ملک کو محفوظ بنانے اور امیگریشن پالیسیوں سے آگاہ کریں گے۔

زبرنیوز نے دو روز پہلے ایکسکلوسیو خبر دی تھی کہ ڈاکٹر آصف محمود نے پیعٹ بڈاجج کی توثیق کردی ہے۔ پیعٹ بڈاجج نے صدارتی امیدوار منتخب کئے جانے سے متعلق ڈیموکریٹ پارٹی کا آئیوا کاکس جیتا تھا جبکہ نیوہیم شائر میں بھی اچھی پوزیشن حاصل کی تھی۔

صدارتی امیدوار بننے کے سرفہرست ڈیموکریٹ خواہش مند برنی سینڈرز بھی ڈاکٹر آصف محمود کو کیلی فورنیا میں اپنی انتخابی مہم کا حصہ بنانا چاہتے تھے۔ زبرنیوز کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ برنی سینڈرز کے انتہائی قریبی ساتھی نے ڈاکٹر آصف محمود کو اہم عہدے کی بھی پیش کش کی تھی مگر ڈاکٹر آصف نے پیعٹ بڈاجج کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔

برنی سینڈرز نے نیواڈا کا میدان مار کر سرفہرست امیدوار کے طور پر اپنی پوزیشن مضبوط کرلی ہے اور یہی توقع ہے کہ سینڈرز کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

پارٹی ڈیلی گیٹس کی تعداد کے لحاظ سے پیعٹ بڈاجج کی دوسری پوزیشن ہے۔ ساوتھ کیرولائنا پرائمری اور سپرٹیوزڈے کو 14 ریاستوں کے پارٹی انتخابات میں کامیابی ملی تو بڈاجج ایک بار پھر ابھر کر سامنے آسکتے ہیں۔

سابق میئر پیعٹ بڈاجج ہم جنس پرست ہونے کے سبب بعض حلقوں کی تنقید سہتے رہے ہیں جبکہ کئی دیگر کی جانب سے انہیں بھرپور تعاون حاصل ہے۔

زبرنیوز سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف محمود نے کہا کہ بڈاجج کا ساتھ دینے کا فیصلہ آسان نہیں تھا مگر وہ میرٹ پر کسی اور چیز کو ترجیح نہیں دے سکتے۔ بڈاجج انتہائی ذہین اور باصلاحیت ہیں اور نومبر کے انتخابات میں ڈونلڈٹرمپ کو شکست دے سکتے ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو