گٹر وزیر ریلوے کی یہ آخری باری ہے ،بلاول

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی انتقامی کارروائیاں عروج پر ہیں، نوازشریف علاج کی وجہ سے نہیں سیاسی انتقام کے باعث ہی لندن میں ہیں۔

لاہور پریس کلب میں میٹ دی پریس کے دوران بلاول بھٹو نے بتایا کہ جمہوریت پر حملے کئے جارہے ہیں، حکومت نے پہلا معاشی حملہ میڈیا پر کیا۔ پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں سے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے۔ نیب قانون سیاسی انتقام کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔

ذوالفقار علی بھٹو کو سلیکٹڈ وزیراعظم کہنے پر بلاول نے وزیر ریلوے شیخ رشید پر تنقید کی اور کہا کہ گٹر کی باتیں گٹر میں پھینک دینی چاہئیں ، گٹر وزیر ریلوے خود ہمیشہ سلیکٹڈ ہوتے ہیں ، ٹرینوں کے مسلسل حادثات کے بعد بھی ان کا عہدے پر رہنا حیران کن ہے ، وہ سمجھتے ہیں چیف جسٹس گلزار احمد یا کوئی اور شخص بھی ان کے خلاف کچھ نہیں کرسکتا۔ بلاول بھٹو نے دعوی کیا کہ شیخ رشید آخری بار سلیکٹ ہوئے ہیں، اس کے بعد ان کے ساتھ جو ہوگا اس سے سب کو مزہ آئے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ معیشت کو عوام کی مرضی سے چلانا پڑے گا کیونکہ ملک امپائر نہیں عوام کی مرضی سے چلتے ہیں۔ معاشی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے کھڑے ہونا پڑے گا، حکومت آئی ایم ایف سے دوبارہ مذاکرات نہیں کرسکتی تو گھر چلی جائے۔

ٹرینڈنگ

مینو