گھروں کو عبادت گاہیں بنائیں، پاک فوج

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کورونا وبا کی آگاہی مہم میں میڈیا اور علما کے کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے 15 دن اہم ہیں۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل بابر افتخار نے راولپنڈی میں میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ بھارت نے عالمی قوانین پامال کردیئے ہیں ، بھارت ہندوتوا اور دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، بھارت نے 850 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی، آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں مستقبل کی حکمت عملی اور ہرطرح کے حالات سے نمٹنے کے اقدامات زیر غورآئے، آرمی چیف نے رمضان المبارک میں سول اداروں کے  ساتھ مل کر تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کورونا عالمی وبا ہے ، اسے اسلام سے جوڑنے کی بھارتی کوشش ناکام ہوگئی، بھارت نے آزاد کشمیر سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے کی کوشش کی جس کی دنیا بھر میں مذمت ہوئی ہے۔ بھارتی فوجی قیادت کے بیان داخلی ناکامیوں پر ان کی مایوسی ظاہر کرتے ہیں۔

میجر جنرل بابر افختار نے قوم کو بتایا کہ کورونا وبا کے حوالے سے 15 دن اہم ہیں۔ کوشش کریں خود کو محدود رکھیں اور اپنے گھروں کو عبادت گاہیں بنائیں۔ پاک فوج نے کورونا ڈیوٹی پر آئی ایس الاؤنس نہ لینے کا فیصلہ کیا اور آرمی میڈیکل کور کی استعداد بڑھانے کیلئے ریزروسٹس کو طلب کیا گیا ہے ، انھوں نے دعا کی کہ اللہ رمضان کی برکت سے پاکستان اور دنیا کو کورونا سے نجات دے۔

ٹرینڈنگ

مینو