ہالی وڈ اسٹار بھی جذبات پر قابو نہ رکھ سکے

ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک امریکا کے مایہ ناز باسکٹ بال پلیئر کوبی برائنٹ کی یاد میں منعقدہ تقریب یادگار بن گئی، کبھی آنسووں کی لڑیاں بہتی نظرآئیں تو کبھی قہقہے گونج اٹھے۔

کوبی برائنٹ کی بیوہ وینزا نے تقریب سے جذباتی خطاب کیا اور بتایا کہ وہ 17 برس کی تھیں جب کوبی برائنٹ سے دوستی ہوئی تھی۔ یہ لازول رشتہ شادی میں بدلا اور دوستی مزید گہری ہوگئی۔ کوبی اور کمسن بیٹی کی ناگہانی موت نے ان کا دل ٹکڑے ٹکڑے کردیا ہے۔

تقریب سے کوبی برائنٹ کے دوستوں نے بھی خطاب کیا ، ان میں نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن  کے لیجنڈ مائیکل جارڈن بھی شامل تھے۔

تقریر کے دوران جارڈن نہ صرف خود جذبات پر قابو نہ رکھ سکے بلکہ لوگوں کو بھی اشکبار کردیا۔

لوگوں کو روتا دیکھا تو جارڈن نے ماحول تبدیل کرنے کیلئے بات بدل دی، انھوں نے شگوفہ چھوڑا کہ کوبی کی وجہ سے اپنے رونے کی میمز اب انہیں تین چار سال بھگتنا پڑیں گی۔

تقریب میں ہالی ووڈ کی نامور ترین شخصیات بھی آئی تھیں جن میں جنیفرلوپیز، کم کارڈیشن،کینائی ویسٹ بھی شامل تھے۔ کوبی کے سابق ٹیم میٹ شکیل اونیل نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی دوستی کس قدر گہری تھی اور اب وہ زندگی میں کتنا خلا محسوس کررہے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر امریکا کے نامور گلوکاروں نے پرفارم کیا۔  بیونسے اور علیشاہ کیز کی پرفارمنس کو شرکا نے بے حدسراہا۔

کوبی برائنٹ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے لاس اینجی لس کے مشہور اسٹیپل اسٹیڈیم میں 20 ہزار سے زائد مداح موجود تھے۔

26 جنوری کو ہیلی کاپٹر حادثہ میں کوبی برائنٹ ، ان کی کمسن بیٹی اور ہیلی کاپٹر کے پائلٹ سمیت نو افراد ہلاک ہوئے تھے، کوبی کی اہلیہ نے ہیلی کاپٹر کی کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کیا ہے کہ انہوں نے غیر ذمے دار پائلٹ فراہم کیا تھا۔

ٹرینڈنگ

مینو