یورپ کھلنے لگا،امریکا میں اموات کم ہوگئیں

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اموات 2 لاکھ 52 ہزار ہوگئی ہیں، تقریبا ساڑھے 36 لاکھ افراد بیمار ہوچکے ہیں، یورپ میں لاک ڈاون نرم کیا جانے لگا ہے اور امریکا میں تقریبا 70 ہزار اموات کے بعد صورتحال نسبتا بہتر ہوگئی ہے۔

کورونا کی ہلاکت خیزی میں کمی آنے لگی، امریکا میں مزید ایک ہزار افراد نے دم توڑا ہے اور نیویارک میں 296 اموات ہوئی ہیں ،گورنر اینڈریو کومو نے ریاست کو 4 مرحلے میں کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔

گورنر کومو کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے کنسٹرکشن اور مینوفیکچرنگ سے وابستہ اداروں کو محفوظ انداز میں کام کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں پروفیشنلز اور رئیل اسٹیٹ کے شعبے کو فعال ہونے کا موقع دیا جائے گا۔ تیسرے مرحلے میں ہوٹل اور ریستوران کھولے جائیں گے جبکہ چوتھے اور آخری مرحلے میں تعلیمی ادارے اور تفریحی مراکز کو کھولا جائے گا، اینڈریو کومو نے واضح کیا ہے کہ فوری طور پر ایسا کوئی اقدام نہیں کیا جائے گا جس سے ہجوم بڑھے کیونکہ وبا مزید پھیلنے کا خدشہ اب بھی موجود ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق ٹرمپ انتطامیہ کو بتایا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن نرم کیا گیا تو روزانہ اموات کی تعداد بڑھ کر 3 ہزار ہونے کا اندیشہ ہے، بدترین صورت حال میں روزانہ کیسز 25 ہزار سے بڑھ کر 2 لاکھ تک پہنچ سکتے ہیں۔

کینیڈا میں مزید 160 افراد کا انتقال ہوا اور اموات بڑھ کر 3 ہزار 842 ہوگئی ہیں، مزید ساڑھے 11 سو مریض اسپتالوں میں لائے گئے اور کیسز 60 ہزار 600 سے زائد ہیں۔

برطانیہ میں 29 مارچ کے بعد سب سے کم ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں، مزید 288 افراد نے دم توڑا ہے اور اموات 28 ہزار 734 ہوچکی ہیں، فرانس میں 306 افراد کی موت کے بعد اب ہلاکتوں کی تعداد 25 ہزار200 ہے۔

صورتحال بہتر ہوتے ہی یورپ کے مزید ممالک میں لاک ڈاؤن نرم کیا جانے لگا ، اٹلی بیلجئم اور پرتگال کچھ کاروبار کھولنے کی اجازت دے رہے ہیں، جرمنی ، آسٹریا اور ڈنمارک پہلے ہی لاک ڈاؤن نرم کرچکے ہیں۔

پرتگال میں ہیئر سیلون ، ڈرائی کلینرز اور دیگر کاروبار کھول دیئے گئے ہیں۔

ایران نے وبا پر بڑی حد تک قابو پالیا ہے، مزید 74 اموات کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہزار 277 ہوچکی ہے، اب حکومت نے مختلف علاقوں میں مساجد کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور دیگر پابندیاں بھی نرم کی جارہی ہیں۔ سعودی عرب میں 7 مریض زندگی کی بازی ہار گئے ہیں اور اموات 191 ہوچکی ہیں، متحدہ عرب امارات میں 11 مریض جاں بحق ہوئے اور ہلاکتیں 137 ہوگئیں، ساڑھے 5 سو نئے مریض اسپتال پہنچے اور کیسز بڑھ کر 14 ہزار 730 ہوچکے ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو