بولٹ جمیکا کے بہترین سفیر ہوسکتے ہیں، ڈاکٹر اسد

امریکا میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے خواہش ظاہر کی ہے کہ جمیکا کے اسپورٹس آئیکون یوسین بولٹ پاکستان کا دورہ کریں۔

ڈاکٹر اسد مجید خان گورنر جنرل پیٹرک ایلن کو اپنی جانب سے اسناد سفارت پیش کرنے کیلئے کنگسٹن پہنچے تھے۔ انھیں امریکا کے ساتھ جمیکا میں بھی پاکستان کا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔

اسناد سفارت پیش کرنے کے بعد مقامی اخبار کو انٹرویو میں سفیر پاکستان نے کہا کہ ان کے بچوں نے خواہش ظاہر کی تھی کہ اگر ہوسکے تو سابق ورلڈ چیمپئن یوسین بولٹ سے ضرورت ملاقات کیجئے گا اور تصویر بھی کھنچوایئے گا۔

ڈاکٹر اسد مجید خان نے بتایا کہ یوسین بولٹ کو پاکستان میں بچہ بچہ جانتا ہے کیونکہ وہ اسپورٹس کی دنیا میں انتہائی غیر معمولی کارکردگی دکھانے والے شخص ہیں اور بے پناہ اشتہارات میں بھی دکھائی دیتے ہیں۔

سفیر پاکستان نے بتایا کہ اس دورے میں ان کی یوسین بولٹ سے ملاقات تو نہیں ہوئی مگر وہ چاہیں گے کہ بولٹ پاکستان کا دورہ کریں کیونکہ وہ جمیکا کے بہترین سفیر ہوں گے۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ دونوں ممالک کھیلوں اور کوچنگ کے میدان میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ٹریک اور فیلڈ کے شعبے میں پاکستان زیادہ مہارت نہیں حاصل کرسکا پاکستان اس میدان میں جمیکا کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ نے اولمپک مقابلوں میں 8 گولڈ میڈل حاصل کئے تھے اور وہ  2017 میں ریٹائر ہوگئے تھے۔

ٹرینڈنگ

مینو