چین میں 2593 اور اٹلی میں 7 اموات

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 2 ہزار 629 ہوگئی جبکہ 79 ہزار 744 متاثر ہوچکے ہیں۔ ایران میں مزید 4 اموات کے بعد مرنے والوں کی تعداد 12 ہے۔ اگرچہ بعض میڈیا رپورٹس میں یہ تعداد 50 بتائی جارہی ہے لیکن ایرانی حکام نے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔ 

ایران میں کورونا وائرس پر قابو پانے کی کوششیں تیز کردی گئیں، عوام خوفزدہ ہیں کیونکہ مریضوں کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ملک میں 18 نئے کیس سامنے آئے ہیں اور مریضوں کی تعداد 61 ہوچکی ہے۔

ایرانی سائنس دانوں نے مرض کی تشخیص کیلئے بڑی کامیابی حاصل کی ہے اور ٹیسٹ کٹ تیار کرلی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ کٹ کی پروڈکشن بڑھادی گئی ہے۔

کورونا کویت ، بحرین اور افغانستان بھی پہنچ گیا ہے ، کویت میں 3 اور بحرین میں 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ، عراق میں ایک مریض کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ افغانستان میں مریضوں کی تعداد 2ہوچکی ہے۔

چین میں مزید 151 اموات کے بعد ہلاک افراد کی تعداد 2 ہزار 593 ہوچکی ہے جبکہ مریضوں کی تعداد 77 ہزار 345 ہے ، ان میں طبی عملے کے 3 ہزار افراد بھی شامل ہیں۔ جنوبی کوریا میں مزید 2 اموات کے بعد یہاں 8 ہلاکتیں ہوچکی ہیں اور 833 مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔

جاپان میں ایک ہلاکت ہوئی اور 8 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 154 ہوچکی ہے۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے یقین ظاہر کیا ہے کہ ٹوکیو گیمز اپنی تاریخ پر ہوں گے اور ٹوکیو اولمپکس کی تیاریاں جاری ہیں۔

اٹلی میں مزید 4 افراد کی موت کے بعد 7 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں اور 229 مریض سامنے آچکے ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو