بھارت آر ایس ایس کے ہاتھوں میں آگیا، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے عالمی برادری سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ کشمیر آغاز تھا آج 20 کروڑ مسلمان نشانے پر ہیں۔

وزیراعظم نے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ ایٹمی صلاحیت کا حامل بھارت نازی ازم کی وارث آر ایس ایس کے ہاتھوں میں ہے، نفرت کی بنیاد پر نسل پرستانہ نظریات کا حامل گروہ جب بھی غالب آتا ہے، قتل و غارت گری اور خونریزی کے دروازے کھل جاتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیر آغاز تھا ، آج بھارت میں 20 کروڑ مسلمان نشانے پر ہیں، عالمی برادری فوری طور پر اقدامات کرے۔ عمران خان نے یاد دلایا کہ انھوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں پیش گوئی کی تھی کہ ایک بار جن بوتل سے نکل آیا تو خونریزی میں شدت آئے گی۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ اگر پاکستان میں کسی نے غیر مسلم شہریوں پر ہاتھ اٹھانے کی کوشش کی یا کسی عبادت گاہ کی طرف بری نظر سے دیکھا تو نہایت سختی سے نمٹا جائے گا، پاکستان میں اقلیتیں برابر کی شہری ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو