یوم آزادی: شہر شہر آتشبازی اور جشن ، ویڈیوز

جشن آزادی بھرپور جوش جذبے سے منایا جارہا ہے، شہر شہر آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اور نوجوان سڑکوں پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔

کراچی ، حیدر آباد اور سکھر سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں رات 12 بجتے ہی جشن شروع ہوگیا، شہر قائد میں نوجوانوں کی ٹولیاں مزار قائد سے ہوتی ہوئی کلفٹن پہنچنے لگیں اور سڑکوں پر ملی نغمے گونجنے لگے۔

لاہور میں مینار پاکستان سمیت اہم سرکاری اور غیر سرکاری عمارتوں کو سبز ہلالی پرچم کے رنگوں سے رنگ دیا گیا ہے۔

مینار پاکستان پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا جہاں مرد ، خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور نوجوان ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے۔

مختلف مقامات پر تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے جن میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔

لاہور کے مال روڈ پر رات کو دن جیسا منظر نظر آیا جہاں تقریبا تمام عمارتوں کو سجایا گیا اور سبز اور سفید لائٹس نے شہریوں کی توجہ حاصل کرلی۔

عام تعطیل کی وجہ سے مری میں سیاحوں کا رش ہے اور نوجوان رات گئے تک ملی نغموں کی دھنوں پر رقص کرتے نظر آئے۔

راولپنڈی ، اسلام آباد، ملتان ، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور پشاور میں بھی جشن آزادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے تمام شہروں میں لوگوں کی بڑی تعداد گھروں سے نکلی اور شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔ نوجوان گاڑیوں میں بلند آواز سے ملی نغمے سنتے اور سر دھنتے رہے۔

بلوچستان میں جشن آزادی کی تقریبات کا سلسلہ ایک دن پہلے ہی شرو ع ہوگیا تھا جو رات 12 بجتے ہی عروج پر پہنچ گیا اور نوجوانوں کی ٹولیاں سڑکوں پر روایتی رقص کرتی نظر آئی۔

کراچی سے کشمور اور گوادر سے خنجراب تک وطن سے محبت کا اظہار کیا جارہا ہے اور فضا میں پاکستان زندہ باد کے نعرے گونج رہے ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو