کورونا کا پھیلاو، امریکا تیسرے نمبر پر آگیا

کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد ساڑھے 16 ہزار اور کیسز تقریبا 3 لاکھ 80 ہزار ہوگئے ہیں۔ اٹلی میں مزید 601 ، امریکا 132 ، اسپین 539، جرمنی 29 ، ایران 127 ، فرانس 186 ، برطانیہ 54 ، کینیڈا اور عراق میں 3 ، 3 اموات ہوئی ہیں۔ 

اٹلی میں فوجی ٹرک لاشوں سے بھر گئے۔ ہلاک افراد کی تعداد 6 ہزار سے زائد ہوگئی، تقریبا 64 ہزار کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور لاک ڈاؤن کے باوجود اموات روکی نہیں جاسکی ہیں۔

چین اور اٹلی کے بعد امریکا کورونا کیسز کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر آگیا ہے ، ساڑھے 43 ہزار مریض رپورٹ ہوچکے ہیں اور ملک میں پہلی بار 100 سے زائد ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ نے نیشنل گارڈ کی فنڈنگ میں اضافہ کردیا ہے، فوج نیویارک ، کیلی فورنیا اور واشنگٹن میں خدمات انجام دے گی، نیشنل گارڈ کی ذمے داروں میں میڈیکل ایڈ کی فراہمی اور خوراک کی تقسیم بھی شامل ہے۔ نیشنل گارڈ کے سربراہ نے حالات کی سنگینی بتاتے ہوئے کہا کہ آپ یہ سمجھ لیں 54 طوفان ملک سے ٹکرا گئے ہیں۔

کیسز کے اعتبار سے اسپین کا نمبر امریکا کے بعد ہے ، یہاں 35 ہزار سے زائد مریض سامنے آئے ہیں۔ فرانس میں مزید 180 سے زائد اموات ہوئی ہیں اور تقریبا 20 ہزار مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔

برطانوی شہری ہلاکتوں کے باوجود ابتک بے فکر تھے لیکن ایک ہی دن میں 50 سے زائد اموات اور لاک ڈاؤن کے اعلان نے نیندیں اڑادی ہیں۔

ایران میں جاں بحق افراد کی تعداد 18 سو سے زیادہ ہوگئی ہے جبکہ 23 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں، وائرس اب پڑوسی ملک عراق میں بھی پھیل رہا ہے جہاں 20 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

کینیڈا میں اموات کے ساتھ ایک ہی دن میں 6 سو سے زائد کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں اور متاثرین کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو