کورونا:اموات 15، کیسز 1526

کورونا وائرس کے مزید 3 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہوگئی ہے، مختلف شہروں سے مزید مریض بھی سامنے آئے ہیں اور ملک میں ابتک 1526 کیس رپورٹ ہوچکے ہیں

سندھ میں مزید 2 مریض جاں بحق ہوئے ہیں ان میں سے ایک کی عمر 83 اور دوسرے کی 70 برس تھی۔ صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 469 ، کراچی میں 189 اور حیدرآباد میں 7 ہے ، تفتان سے سکھر لائے گئے 265 زائرین کے کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے۔ صوبے میں 14 افراد صحت یاب ہوئے ہیں  اور 3 مریضوں کا انتقال ہوا ہے۔

پنجاب میں 570 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں یہاں جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہے، لاہور میں 3 ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

پنجاب کے دارالحکومت لاہور ، گجرات ، جہلم ، راولپنڈی ، گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، ڈی جی خان، ملتان ، منڈی بہاؤ الدین ، سرگودھا ، میانوالی ، ننکاہ صاحب، نارووال ، رحیم یار خان ، اٹک ، بہاولنگر اور خوشاب میں کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بھی ایک شخص کے انتقال کی تصدیق ہوئی ہے، ایبٹ آباد کے اسپتال میں زیرعلاج سردار الیاس خان ایک ہفتہ پہلے تبلیغی جماعت کےساتھ تھے، ان کے 10 ساتھی قرنطینہ سینٹر میں ہیں۔ صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 5 اور کیسز 188 ہوگئے ہیں۔ بلوچستان میں 138 مریض ہیں اور یہاں ایک شخص کا انتقال بھی ہوچکا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز کی تعداد 43 ہے۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 118 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 6 مریض صحت یاب ہوئے ہیں ، گلگت بلتستان میں کورونا سے ڈاکٹر اسامہ کا انتقال بھی ہوا تھا۔

ٹرینڈنگ

مینو