کورونا: ہلاک افراد کی تعداد 35 ہزار

کورونا سے دنیا بھر میں ہلاک افراد کی تعداد لگ بھگ 35 ہزار اور کیسز 7 لاکھ 36 ہزار ہوگئے، امریکا میں مزید 6 ، اسپین 537 ، ایران 117 اور بیلجئم میں 87 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

امریکا میں کورونا نے تقریبا ڈھائی ہزار گھر اجاڑ دیئے اور کیسز بڑھ کر ڈیڑھ لاکھ کے قریب پہنچ گئے ہیں ، ہلاک افراد میں طبی عملے کے 3 ارکان بھی شامل ہیں، میامی میں نرس ، اس کا والد جبکہ نیویارک سٹی میں نرس کا انتقال ہوچکا ہے۔

وبا ابھی عروج پر نہیں پہنچی لیکن اسپتالوں میں عملے کو ٹریش بیگز پہننے پڑرہے ہیں ، طبی مراکز میں ڈاکٹرز اور نرسز کی بھی شدید کمی ہے۔

نیویارک شہر میں ہر 9 منٹ بعد ایک شہری کی ہلاکت نے امریکی عوام کے دل دہلا دیئے ہیں۔ یہاں سی بی ایس کی نیوز پروڈیوسر کا بھی انتقال ہوا ہے۔

کورونا اٹلی میں 10 ہزار 779 جانیں لے چکا ہے اور مریضوں کی تعداد 98 ہزار کے قریب ہے۔

فرانس میں کورونا وبا نے مزید 3 سو افراد کو نگل لیا ، ہلاکتیں 2 ہزار 606 اور کیسز 40 ہزار سے زائد ہوگئے۔

اسپین میں انتقال کرنے والوں کی تعداد چین میں ہلاک افراد سے دوگنا ہوگئی ، مزید 537 افراد ہلاک ہوئے ہیں اور مجموعی تعداد 7340 ہوگئی ہے۔

لاشوں پر لاشیں دیکھنے والے طبی عملے کیلئے صورتحال ناقابل برداشت ہوگئی تو حوصلہ مند افراد بھی صبر کا دامن چھوڑنے لگے۔

برطانیہ والوں کو آخر کار سمجھ آگئی، لاک ڈاؤن اثر کرنے لگا اور انفیکشن کی شرح کم ہونے لگی، ابتک 12 سو 28 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ، مریضوں میں وزیراعظم کے ایڈوائزر ڈومنک کمنگز بھی شامل ہیں۔ نیدر لینڈز میں ابتک پونے 8 سو اور بیلجئم میں 513 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کینیڈا میں مزید 3 افراد کی موت کے بعد کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 65 ہوچکی ہے ، ساڑھے 6 ہزار متاثر ہوئے ہیں اور 120 کی حالت تشویشناک ہے۔

ایران میں مزید 117 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور تعداد 2 ہزار 757 تک پہنچ گئی ہے، ملک میں کورونا کا پھیلاو روکنے کیلئے 2 ہفتے کے دوران 4 کروڑ ماسک تیار کئے گئے ہیں جو ریکارڈ ہے۔ سعودی عرب میں جاں بحق افراد کی تعداد 8 ہے اور متحدہ عرب امارات میں تیسرے شہری نے دم توڑا ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو