کورونا: 23 اموات، 1758 کیسز

کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 23 ہوگئی، مریض بھی مسلسل بڑھ رہے ہیں اور اب تک 1758 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

سندھ میں کورونا کے مزید 3 مریضوں کا انتقال ہوا ہے، تینوں اموات کراچی میں ہوئیں، 66 اور 52 برس کے مریض رائے ونڈ اجتماع سے ہو کر آئے تھے اور دونوں وہیں مرض کا شکار ہوئے تھے۔ تیسری 63 برس کی خاتون تھیں جو کچھ روز پہلے سعودی عرب سے آئی تھیں۔ صوبے میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 اور نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مریضوں کی تعداد 566 ہو گئی ہے۔ حیدر آباد کی نور مسجد میں تبلیغی جماعت کے 31 ارکان کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر قرنطینہ کیا گیا ہے۔

پنجاب میں 70، 55 اور 42 سال کے مریضوں کی ہلاکت کے بعد اموات 9 اور متاثرین کی  تعداد 638 ہوچکی ہے، لاہور ، ڈیرہ غازی خان، ملتان ، فیصل آباد ، گجرات ، راولپنڈی ، جہلم ، گوجرانوالہ ، منڈی بہاؤ الدین، رحیم یار خان، ویہاڑی ، میانوالی ، ننکانہ صاحب ، سرگودھا ، نارووال ، اٹک ، بہاولنگر ، خوشاب اور بہاولپور میں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں مزید مریضوں کی تصدیق کے بعد کیسز کی تعداد 217 ہوگئی ہے، ایبٹ آباد میں اتوار کو تبلیغی جماعت کے رکن کا انتقال ہوا تھا ، کورونا کے باعث صوبے میں 5 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔

بلوچستان میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 152 ہے، ان میں 4 ڈاکٹر بھی شامل ہیں، صوبے میں ابتک 2 مریض صحت یاب ہوئے ہیں اور ایک کا انتقال ہوا ہے۔

اسلام آباد میں 8 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اب مریضوں کی تعداد 51 ہوچکی ہے۔

گلگت بلتستان کے علاقے نگر میں محکمہ صحت کا ملازم ریڈیالوجسٹ انتقال کرگیا ، علاقے میں جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہوگئی ، اس سے پہلے ڈاکٹر اسامہ کا انتقال ہوا تھا ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 134 افراد کورونا سے متاثر اور 6 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو