کیڑے نکالنے والوں کا دور ختم، شیخ رشید

وزیر ریلوے شیخ رشید نے ایک بار پھر اپوزیشن لیڈر کو نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ لیپ ٹاپ کے آگے بیٹھ کر کیڑے نکالنے والوں کا وقت ختم ہوچکا ہے۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ یہ جنگ عظیم اول اور دوم سے بھی برا وقت ہے۔ ٹرینوں کی بندش سے پہلے 2 دنوں میں اپ اینڈ ڈاؤن 20 ، 20 ٹرینیں چلائیں اور ایک لاکھ 65 ہزار مسافروں کو گھروں تک پہنچایا، 14 اپریل تک کورونا کی صورتحال واضح ہوجائے گی اگر حالات بہتر ہوئے تو وزیراعظم کی اجازت سے ٹرینیں چلادیں گے۔

وزیرریلوے نے امید ظاہر کی کہ وہ ریلوے قلعیوں کیلئے خصوصی پیکج لینے میں کامیاب ہوجائیں گے، انھوں نے کہا کہ کچھ لوگ ٹائیگر فورس پر تنقید کر رہے ہیں، ٹائیگر فورس کے پاس کوئی اختیار نہیں، یہ کسی جماعت کے کارکن نہیں بلکہ پاکستانی ہوں گے۔

شیخ رشید نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام لے کر کہا کہ یہ وقت سیاست کا نہیں،  قوم سب جانتی ہے، لیپ ٹاپ کے آگے بیٹھ کر کیڑے نکالنے والوں کا وقت ختم ہوچکا ہے۔ شہباز شریف کورونا کی آڑ میں باہر سے آئے ہیں، ان کی رائے خدمت کرنے کیلئے نہیں کیڑے نکالنے کیلئے ہے۔

وفاقی وزیر نے تبلیغی جماعت اور زائرین کے خلاف باتیں کرنے والوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک مکتب فکر تبلیغی جماعت اور دوسرا زائرین کو نشانہ بنارہا ہے یہ دونوں غلط ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو