پنجاب: بارش میں حادثات ، 20 جاں بحق

پنجاب میں بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف شہروں میں حادثات ہوئے اور جاں بحق افراد کی تعداد 20 ہوگئی۔

فیصل آباد میں عباس پور روڈ پر واقع مکان کی چھت گرنے سے 2 بچوں سميت 3 بہن بھائی لقمہ اجل بنے جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔ تاندليانوالہ کے علاقے دھوپ سڑياں میں 3 کمروں کی چھتیں گرگئیں، افسوسناک واقعے میں ایک ہی خاندان کے 5 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 2 زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

فیصل آباد میں اب تک 198 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو سب سے زیادہ ہے، شہر میں جگہ جگہ پانی جمع ہوگیا اور سڑکیں تلاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

قصور میں طوفانی بارش سے 3 مکانوں کی چھتیں گریں اور 3 افراد جاں بحق ہوئے، ملتان اور پاک پتن میں بھی چھتیں گرنے سے 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ ٹریفک حادثات اور کرنٹ لگنے سے مختلف شہروںمیں 5 افراد ہلاک ہوئے۔

ملتان کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ، مختلف مقامات پر گاڑیاں بند ہوگئیں اور عوام کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور ، گوجرانوالہ ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی بارش کا سلسلہ دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس بار بارشیں معمول سے زیادہ ہورہی ہیں اور 3 روز بعد بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگا۔

ٹرینڈنگ

مینو