امریکا: 50 ہزار اموات، نیا بیل آوٹ پیکج منظور

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد ایک لاکھ نوے ہزار سے بھی زیادہ ہوگئی، کیسز تقریبا سوا 27 لاکھ ہوچکے ہیں، امریکا میں مزید 2100 ، اسپین 440 ، اٹلی 464 ، فرانس 516 ، جرمنی 89 ، برطانیہ 638 ، ایران 90، کینیڈا 169 ، سعودی عرب 7 اور یو اے ای میں 4 افراد کا انتقال ہوگیا ہے۔

نیویارک میں مزید 507 اموات ہوئی ہیں اور تعداد 20 ہزار 861 ہوچکی ہے، نیوجرسی میں 3 سو سے زائد افراد نے دم توڑا ہے اور یہاں 5 ہزار 365 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، وبا میساچوسٹس میں لگ بھگ 24 سو اور کیلی فورنیا میں 1500 افراد کی جان لے چکی ہے۔

امریکی ایوان نمائندگان نے 484 ارب ڈالر کا نیا بیل آوٹ پیکج منظور کرلیا ہے، یہ رقم چھوٹے کاروباری افراد کو قرضہ دینے ، اسپتالوں میں طبی سامان کی فراہمی اور کورونا ٹیسٹ کیلئے استعمال کی جاسکے گی، صدر ٹرمپ کے قریبی سمجھے جانے والی کئی ریپبلکن اراکین ایوان میں ماسک لگائے بغیر آئے جبکہ جم جارڈن تو چھینکتے رہے جس پر ڈیموکریٹ ارکان نے کہا کہ ماسک نہ پہننا بہادری نہیں دوسروں کی صحت کا خیال رکھنا چاہئے۔ کورونا کے باعث ملک میں تقریبا 50 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔ ہلاک افراد میں صدارتی امیدوار بننے کی سابق ڈیموکریٹ خواہش مند ایلزبتھ وارن کے بھائی بھی شامل ہیں۔

کینیڈا میں 2 ہزار 145 افراد زندگیوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں ، 24 گھنٹے میں مزید 19 سو مریض رپورٹ ہوئے ہیں اور کیسز بڑھ کر 42 ہزار سے زائد ہوگئے ہیں۔

وبا برطانیہ میں 18 ہزار 738 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کرچکی ہے اور 24 گھنٹے میں ساڑھے 4 ہزار سے زائد مریض سامنے آئے ہیں، ملک میں کیسز بڑھ کر ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد ہوگئے ہیں۔ اسپین میں 22 ہزار 157 اور اٹلی میں 25 ہزار 549 اموات ہوچکی ہیں۔ فرانس میں 21 ہزار 856 افراد دم توڑ چکے ہیں اور کیسز کی تعداد ایک لاکھ 58 ہزار سے زائد ہے۔

سعودی عرب میں 121 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں اور ایک دن میں ساڑھے 11 سو نئے مریض رپورٹ ہونے کے بعد کیسز کی تعداد تقریبا 14 ہزار ہوگئی ہے، متحدہ عرب امارات میں 56 افراد کی جان گئی جبکہ کیسز پونے 9 ہزار ہیں، ایران میں ابتک 5 ہزار 481 افراد جاں بحق ہوئے ہیں اور 87 ہزار کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو