کورونا: 18 اموات، تعداد 361، کیسز 16276

ملک میں کورونا وائرس نے مزید 18 افراد کی جان لے لی جس کے بعد اموات 361 ہوگئیں، کیسز بڑھ کر 16 ہزار 276 ہوچکے ہیں اور ان میں سے 4 ہزار 52 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔  

سندھ میں کورونا کے مزید 12 مریض دم توڑ گئے اور اب جاں بحق افراد کی تعداد 112 ہوگئی ، 358 افراد کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے اور ابتک 6 ہزار 53 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

پنجاب میں 6 افراد زندگی کی بازی ہارگئے اور ہلاکتیں 106 ہوگئیں، 393 نئے مریض اسپتال پہنچے اور اب کیسز بڑھ کر 5 ہزار 220 ہوگئے ہیں۔

وبا نے اسلام آباد میں مزید 16 افراد کو متاثر کیا اور کیسز بڑھ کر 313 ہوگئے، وفاقی دارالحکومت میں 4 افراد جاں بحق بھی ہوچکے ہیں، کورونا کے باعث سیکٹر آئی ٹین ون اور آئی ٹین فور کو سیل کرنے کا حکم دینا پڑا ہے، اس سے پہلے بھارہ کہو اور شہزاد ٹاؤن بھی سیل کئے گئے تھے۔

خیبرپختونخوا میں 122 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں اور کیسز کی تعداد 2 ہزار 313 ہے ، بلوچستان میں وبا 14 افراد کی جان لے چکی ہے اور 978 متاثر ہوئے ہیں۔

آزاد کشمیر میں مزید ایک مریض سامنے آنے کے بعد رپورٹ کیسز 66 ہوچکے ہیں ، گلگت بلتستان میں ابتک 3 اموات ہوئی ہیں اور متاثرین کی تعداد 333ہے۔

ٹرینڈنگ

مینو