کراچی: نوجوان اور اہلخانہ خصوصی وارڈ منتقل

پاکستان میں کورونا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق کردی گئی ، ایک مریض کراچی اور دوسرا اسلام آباد میں زیرعلاج ہے، دونوں افراد چند روز پہلے ایران سے آئے تھے۔

مریض یحییٰ جعفری کو آغا خان اسپتال کراچی کے خصوصی وارڈ منتقل کرکے ٹیسٹ کئے جارہے ہیں جبکہ ان کے اہلخانہ کو بھی مخصوص وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

کراچی کی گلستان سوسائٹی اسکیم 33 کے رہائشی یحییٰ جعفری ایک گروپ کے ساتھ 6 فروری کو ایران گئے تھے، انھیں 18 فروری کو بخار ، سردرد ، ناک بہنے اور جسم میں درد کی شکایت ہوئی تھی، وہ 20 فروری کو ایران سے پاکستان آئے تھے، حکام یحییٰ کے ساتھ آنے والے افراد کا ڈیٹا بھی جمع کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دوسرے مریض کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ نے ٹیسٹ کے بعد کورونا وائرس کی تصدیق کی ہے، مریض کو پمز کے آئیسولیشن وارڈ منتقل کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے تصدیق کی ہے کہ ملک میں دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں تاہم مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے عوام سے بھی کہا کہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ عوام اردگرد نظر رکھیں اور 1166 پر اطلاع دیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے بتایا کہ دونوں افراد نے 14 دن میں ایران کا سفر کیا تھا ، ہمسائیہ ممالک میں کورونا وائرس پھیل چکا ہے البتہ یقین ہے پاکستان میں متاثرہ افراد کی تعداد زیادہ نہیں ہوگی۔

ٹرینڈنگ

مینو