ایئربس کے ماہرین نے شواہد جمع کرلئے

محسن رضا

معروف طیارہ ساز کمپنی ایئربس کے ماہرین نے پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات کے دوران شواہد جمع کرلئے ہیں ، یہ غیرملکی ٹیم طیارے کا بلیک باکس لے کر فرانس جائے گی۔

ایئربس بنانے والی کمپنی کے تکنیکی ایڈوائزر کی 11 رکنی ٹیم فرانس سے کراچی آئی ہے، ماہرین نے ماڈل کالونی میں اس مقام کا دورہ کیا جہاں طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔

ٹیم نے طیارے کے ملبے اور متاثرہ گھروں کا معائنہ کیا جبکہ تصاویر بھی بنائیں، دورے کے موقع پر پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام بھی موجود تھے۔

پاکستانی حکام نے مہمانوں کو بریفنگ دی اور ملک میں جاری تحقیقات سے آگاہ کیا۔ پی آئی اے حکام تحقیقات میں مدد کیلئے آنے والے ان ماہرین کی لاجسٹک سپورٹ کر رہے ہیں۔

ٹیم رن وے گئی جہاں پائلٹ نے طیارے کو لینڈ کرانے کی کوشش کی تھی ، ماہرین نے رن وے پر بیلی لینڈنگ کے نشانات کا مشاہدہ بھی کیا۔

متاثرہ مقام سے تباہ ایئربس کے ملبے کی منتقلی کا کام روکا جاچکا ہے کیونکہ غیرملکی ماہرین 22 مئی کو پی کے 8303 کی تباہی کا سبب جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ٹرینڈنگ

مینو