سیاست سے تعلق نہیں، فوج کی وضاحت

عسکری قیادت نے پارلیمانی رہنماؤں پر واضح کیا ہے کہ پاک فوج کا ملک میں کسی بھی سیاسی عمل سے براہ راست یا بالواسطہ تعلق نہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے گزشتہ ہفتہ پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ سیاسی رہنماؤں نے نیب سے متعلق خدشات کا اظہار کیا۔ عسکری قیادت نے پاک فوج کو سیاسی معاملات سے دور رکھنے اور نیشنل ایکشن پلان پر تیز اور موثر عملدرآمد پر زور دیا۔ عسکری قیادت کا کہنا تھا کہ الیکشن ریفارمز ، نیب اور سیاسی معاملات میں فوج کا کوئی عمل دخل نہیں۔ یہ کام سیاسی قیادت نے خود کرنا ہے۔

ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی اور گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی تجویز سے اتفاق کیا گیا۔ شرکا نے تجویز دی کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کا یہ کام نئی اسمبلی پر چھوڑ دیا جائے اور نئی اسمبلی خود قرارداد پاس کرے گی۔

عسکری قیادت نے اس عزم کو دہرایا کہ ضرورت پڑنے پر پاک فوج سول انتظامیہ کی مدد کرتی رہے گی۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نے عسکری قیادت اور پارلیمانی رہنماؤں کی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس میٹنگ میں شہباز شریف، بلاول بھٹو، سراج الحق، اسعد محمود اور دیگر پارلیمانی جماعتوں کے رہنما موجود تھے۔

ٹرینڈنگ

مینو